تحفظ گائے کے نام پر مسلمانوں کو نشانہ بنانے کی سازش

اشرار کے خلاف سخت کارروائی کرنے شاہی امام کا مطالبہ
نئی دہلی۔/29جولائی، ( سیاست ڈاٹ کام ) شاہی امام مسجد فتحپوری دہلی مفتی محمد مکرم احمد نے آج نماز جمعہ سے قبل خطاب میںفضیلت حج بیان کرتے ہوئے کہا کہ عازمین حج اللہ تعالیٰ کے مہمان ہوتے ہیں ان کا استقبال مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں فرشتے کرتے ہیں اور انہیں دعائیں دے کر رحمتوں کی بشارت سناتے ہیں، ان کا سفر اللہ کی رحمت سے آسان بناتے ہیں۔ شاہی امام نے عازمین کو مبارکباددیتے ہوئے کہا کہ آپ لوگ اخلاص کے ساتھ حج کا فریضہ ادا کرنے کی طرف توجہ دیں۔ سامان سفر بھی کم سے کم ساتھ رکھیں، حج کمیٹی اور سعودی حکومت کے ضوابط کی مکمل طور پر پابندی کریں۔ حرم شریف کی عبادت کو سرمایہ آخرت بنائیں۔ شاہی امام نے سعودی حکومت سے اپیل کی ہے کہ حج کے انتظامات کو بہتر بنایا جائے۔ پچھلے دنوں حاجیوں کی شہادت کے واقعات پیش آئے تھے انتظامات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی اندوہناک حادثہ نہ پیش آئے۔ شاہی امام نے محمد اخلاق مرحوم کے بیٹے سرتاج کی درخواست پر ہمدردانہ سنجیدگی سے توجہ دینے کی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ستمبر کے مہینے میں عیدالاضحی کے موقع پر دادری میں شرپسند عناصر نے محمد اخلاق پر حملہ کرکے شہید کردیا تھا ان کے گھر سے جو گوشت برآمد کیا گیا تھا اسے مقامی فارنسک رپورٹ میں بکرے کا بتایا گیا وغیرہ وغیرہ۔ اس بارے میں 23جولائی کو سرتاج نے وزیر داخلہ کو ایک درخواست بھیج کر توجہ مانگی ہے۔ اس پر وزیر داخلہ توجہ دیں اور متاثرہ خاندان کی پریشانیوں کو جلد دور کریں۔ شاہی امام نے کہا کہ گاؤ رکشا کے نام پر شرپسند برابر ظلم ڈھارہے ہیں، وہ جگہ جگہ مسلمان مَردوں اور عورتوں کو نشانہ بنارہے ہیں۔ اس پر وزیر داخلہ کو فوری طور پر توجہ دے کر ایسے شرارتی لوگوں کے خلاف پولیس کو سخت سے سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دینی چاہیئے۔ ایسی باتوں سے حکومت بدنام ہورہی ہے اس کا مسیج غلط جارہا ہے۔ شاہی امام نے القدس نیوز سرویس سے موصولہ اخباری رپورٹوں پر شدید رنج کا اظہار کیا جس میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کی خبریں برابر شائع ہوتی رہی ہیں نہتے فلسطینیوں پر حملے ہورہے ہیں انہیں بے گھر کیا جارہا ہے اور مسجد اقصیٰ کے احاطہ میں رقص و سرود پروگرام منعقد کئے جارہے ہیں۔ شاہی امام نے یو این او سے پرزور اپیل کی کہ اسرائیل کو ان سب مظالم سے روکا جائے اور فلسطین میں حقوق انسانی کا تحفظ کیا جائے۔