محترم محمد رضی الدین معظم
ہر نیک انسان کی دلی آرزو ہوتی ہے کہ تحفظ ایمان کے ساتھ ساتھ اس کا خاتمہ بالخیر ہو۔ اس آرزو کی تکمیل کے لئے درج ذیل طریقوں پر عمل کریں، ان شاء اللہ تعالی کامیابی ملے گی۔
٭ قبر میں منکر نکیر جو تین سوالات کرتے ہیں، ان جوابات ’’اللّٰہ ربی، محمد النبی، الدین اسلامی‘‘ کو ہر نماز کے بعد تین بار کہنے کی عادت بنائیں۔ ان شاء اللہ تعالیٰ بعد موت آپ کی زبان سے سوالات کے جوابات منہ سے نکل جائیں گے۔
٭ ہمیشہ بعد نماز مغرب تحفظ ایمان کی نیت سے دو رکعت اس طرح پڑھیں کہ پہلی رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص سات بار اور سورۂ فلق ایک بار۔ پھر دوسری رکعت میں سورۂ فاتحہ کے بعد سورۂ اخلاص سات بار اور سورۂ ناس ایک بار پڑھ کر سلام پھیریں اور ’’یا حی یا قیوم ثبتنی علی الایمان‘‘ سات بار اور ایک بار ’’لاالہ الااللّٰہ ایمان باللّٰہ، لاالہ الااللّٰہ امانا من اللّٰہ، لاالہ الااللّٰہ امانۃ من عند اللّٰہ، لاالہ الااللّٰہ محمد رسول اللّٰہ‘‘ پابندی سے پڑھیں، ان شاء اللہ تعالیٰ خاتمہ بالخیر ہوگا۔
٭ ہر نماز کے بعد سات بار سورۂ اعراف کی آیت ۹۶، سورہ ٔیوسف کی آیت ۱۰۶ اور آخر میں سات بار سورۂ ابراہیم کی آیت ۲۷ پڑھنے کی عادت ڈالیں۔ یقیناً اللہ تبارک و تعالیٰ آپ کے ایمان کی حفاظت فرمائے گا، آپ کا خاتمہ بالخیر ہوگا اور جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے گا۔