حیدرآباد ۔ 28 ۔مارچ (سیاست نیوز) تحفظات کے مسئلہ پر ٹی آر ایس ناٹک کر رہی ہے اور اسے اس مسئلہ سے کوئی دلچسپی نہیں۔ بی جے پی کے ڈپٹی لیڈر ڈاکٹر لکشمن نے آج اسمبلی میں یہ الزام عائد کیا۔ خانگی یونیورسٹیز بل پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ ایک طرف تحفظات کے مسئلہ پر ٹی آر ایس کے ارکان دو ہفتہ سے پارلیمنٹ کی کارروائی میں خلل پیدا کر رہے ہیں تو دوسری طرف تلنگانہ میں خانگی یونیورسٹیز میں تحفظات فراہم کرنے حکومت تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیز میں تحفظات کی فراہمی ریاستی حکومت کا اختیار ہے لیکن ٹی آر ایس حکومت اس کیلئے تیار نہیں۔ دراصل پارلیمنٹ میں تحفظات پر احتجاج ٹی آر ایس کا ناٹک اور ڈرامہ ثابت ہوچکا ہے اور عوام اچھی طرح سمجھ چکے ہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ دہلی میں تحفظات کا ڈھول پیٹا جارہا ہے لیکن تلنگانہ میں تحفظات کی فراہمی کیلئے حکومت تیار نہیں۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلنگانہ میں کمزور طبقات 90 فیصد ہیں اور اسی کو بنیاد بناکر ٹی آر ایس تحفظات کے اختیارات ریاستوں کو دینے کا مطالبہ کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت کو کمزور طبقات سے ہمدردی ہوتی تو خانگی یونیورسٹیز میں تحفظات مقرر کئے جاتے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے 50 فیصد تحفظات کی حد مقرر کردی ہے ، لہذا مرکزی حکومت تلنگانہ کے مطالبہ کو قبول نہیں کرسکتی۔