چیرمین و ڈائریکٹر واٹر ریسورس ڈیولپمنٹ کی تہنیتی تقریب، ٹی ہریش راؤ و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز) وزیر آبپاشی تلنگانہ ٹی ہریش رائو نے کہاکہ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی ایک انقلابی تحریک کا نام ہے اور اس سے جڑے تمام لوگوں کا شمار بھی انقلابی شخصیتوں میںہوتا ہے ۔ پارٹی کا ساتھ دینے والے اور تلنگانہ تحریک میںسرگرم رول ادا کرنے والے ٹی آر ایس پارٹی کے قائدین کے ساتھ کبھی ناانصافی نہیںہوگی ۔ چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کے پارٹی کے سینئر قائدین اولین ترجیح ہیں اور اس کا ثبوت چند دن قبل نامزد کئے گئے چیرمن ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مستقبل میںبھی ٹی آر ایس پارٹی کے سینئر قائدین کو مزید مواقع فراہم کئے جائیںگے۔ تلنگانہ انفارمیشن اینڈ ٹکنالوجی( ٹی ائی ٹی اے)کے زیراہتمام نونامزد چیرمن وڈائرکٹر واٹر ریسورس ڈیولپمنٹ وی پرکاش گوڑ کے اعزاز میںمنعقدہ تہنیتی تقریب سے وہ مخاطب تھے۔ اسپیکر مدھو سدھن چاری ‘ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی‘ ریاستی وزراء ٹی ناگیشوار رائو‘سی لکشما ریڈی‘ این نرسمہا ریڈی‘سابق ڈپٹی چیف منسٹر ڈاکٹر راجیا‘ بی سی کمیشن چیرمن راملو‘ رکن پارلیمنٹ چیوڑلہ کنڈہ ویشویشو ار ریڈی تلنگانہ کی کئی اہم شخصیتوں نے بھی تقریب میںحصہ لیکر چیرمن واٹرریسورس ڈیولپمنٹ وی پرکاش کو مبارکباد دی۔ ہریش رائو نے مزید کہاکہ ٹی آر ایس پارٹی سربراہ نے مختلف کارپوریشن اور بورڈ کے چیرمن کی حیثیت سے جن لوگوںکا انتخاب کیا ہے ان کی اب تک کی زندگی تلنگانہ عوام کی فلاح بہبود کی جدوجہد میں گذری ہے ۔انہوں نے نو نامز د چیرمن واٹر ریسورس ڈیولپمنٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کام کرنے کا مشورہ دیا۔