خوش آمدید تلنگانہ ریاست پروگرام، انقلابی گلوکار غدر و دیگر کا خطاب
حیدرآباد۔16مارچ(سیاست نیوز)علیحدہ تلنگانہ جدوجہد میں اساتذہ کی شراکت داری کو ناقابلِ فراموش قراردیتے ہوئے انقلابی گلوکار وشاعر غدر نے کہاکہ تلنگانہ حامی ٹیچرس کی قربانیوں کو تلنگانہ کی عوام کبھی فراموش نہیں کرسکے گی۔ دھرنا چوک اندراپارک پر منعقد ہ خوش آمدید تلنگانہ ریاست کے عنوان پر منعقدہ ایک روزہ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر غدر نے کہاکہ جس طرح تلنگانہ حامی نوجوانوں نے اپنی جانوں کی قربانی کے ذریعہ تلنگانہ تحریک کو پروان چڑھایا اسی طرح تلنگانہ حامی ٹیچرس اور پروفیسرس کے شعبہ نے نوجوان کو نسل کو تلنگانہ اور یہاں کی عوام کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں کے متعلق شعور بیداری مہم چلائی۔ غدر نے13 ڈسمبر2011میںشروع ہوئی دنیا کی سب سے بڑی عام ہڑتال میں بچوں کے تعلیمی سال کو متاثر کئے بغیر تلنگانہ حامی ٹیچرس کے تعاون کو قابلِ ستائش قراردیا۔ رکن اسمبلی وفلور لیڈر ٹی آر ایس پارٹی مسٹر ای راجندرا نے اس پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے علیحدہ تلنگانہ تحریک میںٹیچرس کی حصہ داری کو ناقابلِ فراموش قراردیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ راشٹرایہ سمیتی کے پاس مفت تعلیم کا جامہ منصوبہ ہے جس کے ذریعہ پورے تلنگانہ میں ٹی آر ایس پارٹی کے جی تا پی جی مفت تعلیم فراہم کرے گی۔ صدر ٹی یو ایف ویملا‘ نائب صدر واسٹیٹ کوارڈینٹر ٹی پی ایف ایم ویدا کمار‘صدر نیو ڈیموکرسی گوردھن ریڈی‘کے علاوہ دیگر تلنگانہ حامیوں نے بھی اس پروگرام سے خطاب کیا۔