اسلام آباد ۔ 28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستانی ذرائع ابلاغ نے 13 ٹی وی چینلوں پر سابق کرکٹ کیپٹن اور صف اول کے سیاست داں عمران خان کی تیسری شادی کی غلط خبر نشرکرنے پر پانچ لاکھ روپئے فی کس جرمانہ عائد کرنے کے عدالتی فیصلہ کا خیرمقدم کیا ہے ۔ یہ جرمانہ پاکستانی برقی ذرائع ابلاغ باقاعدگی اتھاریٹی نے کل عائدکیا ۔ پاکستان تحریک انصاف کے صدر عمران خان نے ایک شکایت درج کروائی تھی ‘ حالانکہ تحریک انصاف نے اپنی شکایت سے بعدازاں دستبرداری اختیار کرلی تھی لیکن اتھاریٹی نے غلط خبر نشر کرنے پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ ان تمام ٹی وی چینلوں کے مالکوں پر غلط خبر نشر کرنے کی وجہ سے جرمانہ عائدکرنے کا فیصلہ کیا ۔ لندن میں عمران خان کی تیسری شادی کی خبر نشر کی گئی تھی ۔ تحریک انصاف کی جانب سے خبرکی تردید کے باوجود اس خبر کا اعادہ کیا گیا ۔ چنانچہ پارٹی نے 13اگست کو شکایت درج کروائی لیکن دنیا ٹی وی کے سوائے دیگر تمام چینلوں کی غیر مشروط معذرت خواہی پر شکایت سے 26اگست کو دستبردار اختیار کرلی تھی ۔ عمران خان نے ایک اور شادی کے منصوبوں کی اپنے ایک انٹرویو میں تردید کردی تھی ۔ کیونکہ پارٹی کی تردید کے باوجود ان کی شادی کے بارے میں افواہیں گرم تھیں۔