اسلام آباد ۔ یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان تحریکِ انصاف کی رکنِ قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے اپنی جماعت میں خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے مبینہ طور پر نامناسب سلوک پر پارٹی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔منگل کو ایک ایسے وقت جب قومی اسمبلی میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب کیا جا رہا ہے، خواتین کے لیے مخصوص نشست پر 2013ء میں ایوان زیریں کی رکن بننے والی عائشہ گلالئی کا تحریک انصاف چھوڑنے کا فیصلہ ذرائع ابلاغ میں شہ سرخی کے طور پر سامنے آیا۔مختلف ٹی وی چینلز سے مختصراً بات کرتے ہوئے عائشہ کا کہنا تھا کہ "جس قسم کا کردار ہم دکھاتے ہیں کہ پی ٹی آئی ایسی ہے وہ (جماعت) ویسی نہیں ہے۔”انھوں نے دعویٰ کیا کہ پارٹی میں خواتین اور کارکنوں کی عزت نہیں اور انھیں "چھوٹے ورکرز” کہا جاتا ہے۔عائشہ گلالئی کے بقول وہ اپنے فیصلے کی تفصیلات بدھ کو پریس کانفرنس میں بتائیں گی۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ماہ ہی تحریک انصاف کی ایک اور خاتون راہنما ناز بلوچ نے بھی کچھ ایسے ہی الزامات عائد کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑ کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی تھی۔