سرینگر 23 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر کی تاریخی جامع مسجد آج پہلی مرتبہ جمعۃ الوداع کے موع پر بند رہی کیونکہ یہاں حکام کی جانب سے تحدیدات عائد کردی گئی تھیں۔ سرینگر کے سات پولیس اسٹیشنوں کے حدود کی مساجد کے سوا سارے کشمیر میں جمعۃ الوداع کے موقع پر نماز ادا کی گئی ۔ سرینگر کے سات پولیس اسٹیشنوں کے حدود میں آج صبح تحدیدات عائد کردی گئی تھیں تاکہ جمعہ کی نماز کے موقع پر کسی احتجاج کو روکا جاسکے ۔ اندیشہ کیا جا رہا تھا کہ سنگباری کرنے والوں اور سکیوریٹی فورسیس میں کل ہوئے تصادم میں ایک عام شہری کی ہلاکت کے خلاف علیحدگی پسندوں کی جانب سے احتجاج کا اعلان کیا جاسکتا ہے ۔ ایک عہدیدار نے بتایا کہ جامع مسجد میں جمعہ کی نماز ادا نہیں کی جاسکی ۔ اس کے علاوہ علاقہ کی کئی مساجد میں نماز جمعہ نہیں ہوسکی کیونکہ لا اینڈ آرڈر کی برقرار ی کیلئے احتیاطی طور پر یہاں تحدیدات عائد کردی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ کل رات ایک ڈی ایس پی محمد ایوب پنڈت کو ہجوم کی جانب سے مار پیٹ اور بعد میں ان کی موت کے پیش نظر یہاں تحدیدات کو اور بھی سخت کردیا گیا تھا ۔ وادی میں کچھ دوسرے مقامات پر سنگباری کرنے والے ہجوم اور سکیوریٹی فورسیس کے مابین تصادم کے واقعات کی اطلاع بھی ملی ہے ۔