حیدرآباد /18 اپریل ( سیاست نیوز ) کاروبار میں نقصان سے دلبرداشتہ اور حالات سے پریشان ایک شخص نے خودکشی کرلی ۔ یہ دلسوز واقعہ شاستری پورم کے علاقہ کنگس کالونی میں پیش آیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ 40 سالہ محمد افضل نے آج صبح اس کے مکان میں انتہائی اقدام کرلیا ۔ باتھ روم میں خود کو بند کرلینے کے بعد شیشہ سے گلا کاٹ کر خودکشی کرلی ۔ مائلاردیوپلی پولیس کے مطابق افضل آج اپنے مکان کے باتھ روم میں گیا اور اس نے دروازہ بند کرلیا ۔ آدھے گھنٹے کے وقفہ کے بعد اس شخص کی بیوی اور بچوں نے باتھ روم کا دروازہ کھٹکھایا تاہم کسی قسم کا کوئی ردعمل ظاہر نہ ہونے پر متوفی کی بیوی نسیم بیگم نے افضل کے بھائی اعظم کو فون کیا ۔ جس کے فوری بعد اعظم ان کے داماد رؤف کے ہمراہ متوفی کے مکان پہونچ گئے اور دروازہ توڑ کر دیکھا تو افضل نے انتہائی اقدام کرلیا تھا ۔پولیس مائیلاردیوپلی کے مطابق افضل 2 سال سے کاروبار میں نقصان کے بعد پریشان تھا اور اس کا ایک پلاٹ بھی کوئی خرید نہیں رہا تھا ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے ۔