تجارت میں اضافہ کیلئے اصلاحات کاہندوستان کو مشورہ

علاقائی امن کیلئے ہند ۔ امریکہ شراکت داری ناگزیر ‘ عالمی تجارتی تنظیم کے درخشاں مستقبل کی پیش قیاسی
واشنگٹن ۔ 28اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان کے ساتھ معاشی تعلقات میں توسیع کا اشارہ دیتے ہوئے امریکہ نے آج کہا کہ باہمی تجارت 109ارب امریکی ڈالر مالیتی ہوسکتی ہے ‘ بلکہ اس میں مزید اضافہ بھی ممکن ہے ۔ بشرطیکہ ہندوستان معاشی اصلاحات بشمول جی ایس ٹی پر عمل آوری کرے ۔ امریکہ کے وزیر تجارت پِنّی پریتیکر نے جو کل سے ہندوستان کے تین روزہ دورہ پر آرہی ہے کہا کہ برصغیر کو سیاحتی اور سفری مرکز کی حیثیت سے تسلیم کرلیا گیا ہے ۔ امریکہ اور ہندوستان کی شراکت داری اور معاشی اصلاحات سے ان دونوں شعبوں میں ترقی کے بے انتہا مواقع موجود ہیں ۔ امریکہ ۔ ہند باہمی تجارت 109ارب امریکی ڈالر مالیتی 2015ء میں ہوچکی ہے جو 2005 میں صرف 37 ارب امریکی ڈالر مالیتی تھی ۔ ڈائرکٹر قومی معاشی کونسل جیف زینٹس امریکہ میں یقین ظاہر کیا کہ ہندوستان اور امریکہ کی شراکت داری میں مزید اضافہ کے امکانات موجود ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہند ۔ امریکہ شراکت داری کبھی بھی اتنی مضبوط نہیں تھی ۔ دونوں ممالک کو اپنے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔

 

اس کیلئے معاشی اصلاحات ضروری ہیں ۔ صدر اوباما نے یوم جمہوریہ ہند کی تقاریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی تھی اور گذشتہ جون میں وزیراعظم نریندر مودی امریکہ کے دورہ پر آئے تھے اور امریکی کانگریس سے تاریخی خطاب کیا تھا ۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کتنے مستحکم ہیں اور دونوں ممالک ایک دوسرے کو کتنی اہمیت دیتے ہیں ۔ دریں اثناء امریکہ نے کہاکہ عالمی تنظیم تجارت کا مستقبل درخشاں ہیں اور ہندوستان اور امریکہ کے درمیان باہمی سرمایہ کاری کیلئے کافی بلند معیار اختیار کرنے کی ضرورت ہے ۔ دونوں ممالک باہم مذاکرات کے ذریعہ اعلیٰ مقاصد حاصل کرسکتے ہیں ۔ زینتس نے کہا کہ گذشتہ دو عالمی تنظیم تجارت وزارت سطح کی کانفرنسیں جو بالی اور نیروبی میں منعقد کی گئی تھی نمایاں طور پر کامیاب رہیں ۔ تجارتی‘ زرعی برآمدات اور غذائی صیانت کے مقصد سے حکومت کی ذخیرہ اندوزی پر باہم تبادلہ خیال ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ جی۔20 وزرائے تجارت چوٹی کانفرنس شنگھائی میں منعقد کی گئی تھی جس کے نتیجہ میں تجارت ‘ باہمی تعاون میں آسانیاں پیدا ہوئیں ۔ انہوں نے کہاکہ وہ اپنے دورہ ہند کے موقع پر دوسری ہند ۔ امریکہ سی ای او فورم کے اجلاس کی مشترکہ صدر ہوں گی۔