تجارتی علاقوں میں برقی کے غیر معمولی استعمال سے برقی سربراہی میں خلل

رمضان میں بلاخلل برقی سربراہی میں رکاوٹ پر حکومت کے جائزہ پر حیرت انگیز انکشاف
حیدرآباد۔2جون(سیاست نیوز) شہر میں ماہ رمضان المبار ک کے دوران برقی سربراہی میں پیدا ہونے والے خلل کی بنیادی وجہ بڑے شورومس پر کی جانے والی سجاوٹ بتائی جا رہی ہے اور کہا جا رہا ہے کہ محکمہ برقی کی جانب سے ان شورومس پر جہاں اضافی برقی قمقمہ یا بڑے ڈے لائٹس نصب کئے گئے ہیں وہ اجازت کے حصول کے ساتھ لگائے گئے ہیں یا بغیر اجازت لگائے گئے ہیں۔ محکمہ برقی کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ماہ رمضان المبار ک کے دوران برقی سربراہی میں خلل نہ پیدا کرنے کی ہدایت کے بعد بھی خلل کی شکایات کا جائزہ لینے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران تجارتی علاقو ںمیں استعمال کی جانے والی اضافی برقی کے سبب بار بار فیوز آف کی شکایات موصول ہو رہی ہیں اور ان شکایات کو دور کرنے کیلئے کم از کم 30منٹ تا گھنٹہ لگتا ہے۔ محکمہ برقی کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں استعمال کی جانے والی اضافی برقی کے متعلق محکمہ کو علم ہی نہیں ہے اگر اس کا علم پہلے سے ہوتا تو اس سلسلہ میں انتظامات کئے جاتے لیکن کئی شورومس کی جانب سے بغیر اجازت اضافی برقی کا استعمال کیا جا رہا ہے لیکن محکمہ برقی کی جانب سے ان تجارتی مراکز کو نوٹس جاری کی جائے گی جو تجارتی مراکز بغیر اجازت برقی استعمال کررہے ہیں اور اضافی برقی کے سبب بڑھنے والے لوڈ کے سبب عوام کو مشکلات میں مبتلاء کرنے کے مرتکب بن رہے ہیں۔بتایا جاتا ہے کہ دونوں شہرو ںمیں کئی ایک تجارتی مراکز کی جانب سے استعمال کی جانے والی برقی میں نصف برقی کے متعلق بھی محکمہ برقی سے اجازت حاصل نہیں کی گئی ہے جو کہ مناسب نہیں ہے۔محکمہ برقی بالخصوص تلنگانہ اسٹیٹ سدرن پاؤر ڈسٹریبیوشن لمیٹیڈ کے عہدیداروں نے بتایا کہ اضافی برقی کے استعمال کیلئے تاجرین محکمہ سے رجوع ہوتے ہوئے خصوصی اجازت حاصل کرسکتے ہیں لیکن ایسا نہ کئے جانے کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے ۔عہدیداروں نے تاجرین سے اپیل کی کہ وہ استعمال کی جانے والی برقی کے متعلق محکمہ برقی کو مطلع کرتے ہوئے اجازت حاصل کرلیں تاکہ انہیں نوٹس اور قانونی کاروائی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔پرانے شہر کے علاوہ ٹولی چوکی‘ مہدی پٹنم‘ نامپلی‘ کاچی گوڑہ‘ عنبر پیٹ‘ انجن باؤلی اور ایسے کئی علاقوں میں جہاں ماہ رمضان المبارک کے خصوصی بازار لگائے جاتے ہیں ان علاقوں کے قرب و جوار میں راتوں کے اوقات میں برقی سربراہی میں خلل کی بنیادی وجہ تجارتی سرگرمیوں کے لئے استعمال کی جانے والی اضافی برقی قرار دی جا رہی ہے۔