تجارتی اشیاء میں ملاوٹ کو روکنے سخت اقدامات کی ہدایت

محکمہ کے عہدیداروں کے ساتھ کنٹرولر لیگل میٹرولوجی اکون سبھروال کا جائزہ اجلاس

حیدرآباد 6 مئی (پریس نوٹ) لیگل میٹرولوجی کنٹرولر مسٹر اکون سبھروال نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ تجارتی اشیاء میں ملاوٹ کرکے اشیاء کو ناقص بنانے کے تدارک اور اس کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ انھوں نے کہاکہ ملاوٹ کو روکنے کے لئے لیگل میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں کو پولیس سے بھی مدد حاصل کرنی چاہئے اور اس سلسلہ میں پولیس کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔ کنٹرولر لیگل میٹرولوجی نے آج یہاں دفتر لیگل میٹرولوجی، گاندھی نگر میں لیگل میٹرولوجی ریجنل ڈپٹی کنٹرولرس، اسسٹنٹ کنٹرولرس، ڈسٹرکٹ لیگل میٹرولوجی آفیسرس، انسپکٹرس لیگل میٹرولوجی کے ساتھ ایک جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ انھوں نے لیگل میٹرولوجی آفس میں واقع لیباریٹری، پٹرول اینڈ گولڈ کوالٹی چیکنگ آلات کا معائنہ کیا۔ کنٹرولر نے کہاکہ لیگل میٹرولوجی ڈپارٹمنٹ کے کام پر کئی شکایات موصول ہورہی ہیں۔ تمام عہدیداروں اور ملازمین کو مزید یکسوئی، اجتماعی ذمہ داری کے طور پر دیانت داری اور مؤثر کارکردگی کے ساتھ کام کرنا چاہئے تاکہ محکمہ کی نیک نامی ہو۔ انھوں نے ڈی ایل ایم اوز کے لئے 30 ، 50 اور 100 دن کے نشانے مقرر کئے اور کہاکہ وہ ان دنوں میں انجام دیئے جانے والے کاموں کی تفصیلات پیش کریں۔ انھوں نے ان عہدیداروں کو انتباہ دیا کہ جو نشانے ان کے لئے مقرر کئے گئے ہیں ان کے کام مقررہ وقت میں مکمل کریں ورنہ ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے عہدیداروں کو حکم دیا کہ انسپکٹرس کی جانب سے مکمل کئے جانے والے کاموں سے متعلق انھیں روزانہ گراؤنڈ رپورٹ پیش کریں۔ لیگل میٹرولوجی (محکمہ اوزان و پیمانہ جات) کے عہدیداروں کو 43 قسم کے تجارتی اشیاء کی چیکنگ کرنے کے احکام دیئے ہیں جیسے پٹرول پمپس، گولڈ شاپس، دھرم کانٹا، کیروسین، لوبرینکٹس، رائس ملز، دھان کی خریدی کے مراکز، اسٹیل، سمنٹ، فرٹیلائزرس، ہارڈ ویر، الیکٹریکلس وغیرہ۔ کنٹرولر نے کہاکہ ٹریڈنگ ایٹمس پر سخت نگرانی رکھی جائے۔ بالخصوص عام آدمی سے متعلق اشیاء پر خصوصی توجہ دی جائے۔ انھوں نے کہاکہ یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ عام آدمی کسی نقصان سے دوچار نہ ہو اور فریب کا شکار نہ ہوں۔ انھوں نے کہاکہ ہر عہدیدار کو ذمہ داری کے ساتھ ڈیوٹی انجام دینی چاہئے۔