تجارتی اداروں کو حصول این او سی کی مہلت

حیدرآباد 6 نومبر (سیاست نیوز) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے عمارتوں میں آتشزنی کے واقعات سے عمارتوں کو محفوظ رکھنے کیلئے اقدامات کا آغاز کیا جاچکا ہے اور کمشنر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد مسٹر سومیش کمار نے عمارتوں کے مالکین سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ویب سائٹ پر عمارت کا رجسٹریشن کرائیں تاکہ رجسٹر کروائی گئی عمارت کو بلدیہ کی جانب سے آتشزنی کے واقعات سے محفوظ رہنے کا سرٹیفکٹ جاری کیا جاسکے۔ اُنھوں نے آج جاری کردہ ایک صحافتی اعلامیہ میں بتایا کہ 21 نومبر تک اسکول، فنکشن ہال، ہاسپٹل، ہوٹل، ریسٹورنٹ، شاپنگ مالس اور ملٹی پلکس کے مالکین کو چاہئے کہ وہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی ویب سائٹ پر رجسٹر کرواتے ہوئے این او سی حاصل کرلیں بصورت دیگر جی ایچ ایم سی کی جانب سے ٹریڈ لائسنس کے علاوہ دیگر ضروری دستاویزات منسوخ کردیئے جائیں گے۔ مسٹر سومیش کمار نے بتایا کہ شہریوں کے علاوہ شہر کی عمارتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے آتش فرو آلات سے لیس عمارتوں کو این او سی فراہم کی جارہی ہے تاکہ کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر آگ پر قابو پاتے ہوئے انسانی جانوں کو ضائع ہونے سے بچایا جاسکے۔