تبلیغی اجتماع کیلئے ٹریفک کے خصوصی انتظامات

ڈپٹی کمشنر دیویاچرن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر محمد تاج الدین احمد نے جائزہ لیا
حیدرآباد ۔ 3اپریل ( سیاست نیوز) رچہ کنڈہ کے علاقہ پہاڑی شریف میں 5اپریل تا 7اپریل منعقد ہونے والے تبلیغی جماعت کے سب سے بڑے اجتماع کے موقع پر رچہ کنڈہ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ٹریفک رچہ کنڈہ مسٹر دیویا چرن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس محمد تاج الدین احمد نے آج سلطان نگر علاقہ کا دورہ کیا جہاں پر اجتماع کی تیاریاں جاری ہیں ۔ اس موقع پر تاج الدین احمد نے ٹریفک مارشلس کو تربیت دینے کے بعد ان میں جیکٹس کی تقسیم کی ۔ اس موقع پر تاج الدین احمد نے کہا کہ تبلیغی جماعت کے اجتماعات کے موقع پر ہزاروں افراد کی شرکت یقینی ہے جس کے پیش نظر ٹریفک کے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ توگوڑہ ، شمس آباد ، چندرائن گٹہ اور مندا ملما کے راستوں سے آنے والی ٹریفک کیلئے انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد بسوں کے علاوہ کاروں میں بھی آنے کی امید ہے اور اس کیلئے بھی پارکنگ کا خصوصی انتظام کیا جارہا ہے ۔اجتماع میں شرکت کرنے والے افراد کی پارکنگ کی سہولت کیلئے ٹریفک مارشلس کو بھی خصوصی تربیت دی گئی ہے اور ان کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔