تبت میں زلزلہ سے 12ہلاک

بیجنگ۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) نیپال میں طاقتور زلزلہ کے اثرات چین کے جنوب مغربی تبت خود مختار علاقہ میں بھی دیکھے گئے جہاں 12افراد بشمول ایک 83سالہ خاتون ہلاک ہوگئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ ژنہوا ‘ نے مقامی عہدیداروں کے حوالہ سے بتایا کہ تبت میں 12افراد زلزلہ کی وجہ سے ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ تبت کے کاؤنٹی نیالم میں 7افراد جبکہ ایک اور کاؤنٹی گیروم میں 5افراد ہلاک ہوگئے۔ یہ دونوں کاؤنٹیز ژیگازے میں واقع ہیں جو زلزلہ کے مبداء سے تقریباً 40 کلو میٹر دور ہیں۔ زلزلہ کے جھٹکے لہاسہ اور شگتسہ میں بھی محسوس کئے گئے جہاں مکانات کو نقصان پہنچا۔ ٹیلی مواصلات خدمات بھی متاثر ہوگئیں۔ نیپال میں 4 چینی شہری بشمول ایک پہاڑوں پر چڑھائی کرنے والا شخص ہلاک ہوگئے۔

نیپال میں ہندوستانی سفارتخانہ کا مکان منہدم، ایک ہلاک
نئی دہلی۔/25اپریل، ( سیاست ڈاٹ کام ) کٹھمنڈو میں زلزلہ کی وجہ سے ہندوستانی سفارتخانہ کے احاطہ میں واقع عمارت کو نقصان پہنچا جس میں ایک ملازم کی بیٹی ہلاک اور اہلیہ زخمی ہوگئیں۔ کنٹراکٹ پر کام کرنے والے اس مشن اسٹاف کی قومیت کا فوری طور پر پتہ نہیں چل سکا۔ وزیر اُمور خارجہ سشما سوراج نے بتایا کہ ہمارے سفارتخانہ کے احاطہ میں واقع ایک مکان منہدم ہوگیا۔ اس حادثہ میں ایک ملازم مدن کی بیٹی ہلاک ہوگئی جبکہ ان کی اہلیہ بری طرح زخمی ہوگئیں۔