تبت میں زلزلہ، مہلوکین کی تعداد 25 ہوگئی

بیجنگ ۔ 28 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہفتہ کے روز آئے زلزلہ میں چین کے جنوب مغربی تبت کے خودمختار علاقہ میں ہلاکتوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ بعض دوردراز علاقوں میں بچاؤ کاری عملہ متاثرہ افراد تک پہنچنے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔ ژنیہوا خبر رساں ایجنسی کے مطابق زلزلہ میں زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 117 بتائی گئی ہے۔ یاد رہیکہ ہفتہ کے روز نیپال میں 7.9 شدت والے زلزلے نے زبردست تباہی مچائی، جس سے تبت کے کچھ علاقہ میں بری طرح متاثر ہوئے، جن میں نیپال کی دو سرحدی بندرگاہیں بھی شامل ہیں۔ تبت کا شہر ژیگا سے بھی زلزلہ سے شدید طور پر متاثر ہوا ہے۔ اس شہرمیں 18 کاؤنٹینر ہیں جن کی مجموعی آبادی 7 لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔ نیپال میں آیا زلزلہ گذشتہ 80 سال کے دوران بدترین زلزلہ ہے جس میں اب تک زائد از 4000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں پانچ ہندوستانی شہری بھی شامل ہیں۔