سرکاری ملازمین اور ڈاکٹرس کو معطل کرنے ضلعی کلکٹرس کو چیف سکریٹری کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون : ( سیاست نیوز) : چیف سکریٹری ڈاکٹر ایس کے جوشی نے تبادلوں کے لیے فرضی میڈیکل سرٹیفیکٹس منسلک کرنے والے سرکاری ملازمین ، ٹیچرس اور ڈاکٹرس کو معطل کرنے کے اضلاع کلکٹرس کو احکامات جاری کئے ۔ متحدہ ضلع میدک میں تبادلوں کے لیے فرضی میڈیکل سرٹیفیکٹس لگانے والے ٹیچرس کو معطل کرنے کے بعد چیف سکریٹری نے تبادلوں کا جائزہ لیا اور بے قاعدگیوں کے خلاف سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے 4 سال بعد سرکاری ملازمین کے پہلی مرتبہ تبادلے کیے جارہے ہیں ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے شفاف طریقے سے تبادلوں کے عمل کو مکمل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ تمام محکمہ جات کی جانب سے علحدہ علحدہ رہنمایانہ خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ باوجود اس کے بے قاعدگیاں جاری ہیں اور میڈیا میں اس کی سرخیاں بن رہی ہے ۔ تبادلوں کے لیے فرضی میڈیکل سرٹیفکیٹس لگانے کا علم ہونے کے بعد متحدہ ضلع میدک میں 17 ٹیچرس کو معطل کردیا گیا ہے ۔ چیف سکریٹری نے تبادلوں کے لیے لگائے گئے تمام میڈیکل سرٹیفیکٹس کی جانچ کرنے کی اضلاع کلکٹرس کو ہدایت دی ہے ۔ سرٹیفیکٹس بوگس ہونے کی نشاندہی ہونے پر متعلقہ ٹیچرس ، ڈاکٹرس اور دوسرے عہدیداروں کو معطل کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ اضلاع رنگاریڈی ، نلگنڈہ ، کریم نگر کے علاوہ دوسرے اضلاع میں بھی ٹیچرس کی جانب سے بوگس میڈیکل سرٹیفیکٹس لگانے کی شکایتیں وصول ہوئی ہیں ۔ اس کی بھی تحقیقات کرانے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ چیف سکریٹری نے تبادلوں کے لیے فرضی سرٹیفیکٹس لگانے والے سرکاری ایمپلائز کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی کلکٹرس کو ہدایت دی ہے ۔ ضلع محبوب نگر میں تقریبا 15 ایمپلائز کے خلاف کارروائی کرنے کے لیے فائیل تیار ہونے کی اطلاعات موصول ہورہی ہیں جس کے بعد ٹیچرس میں بے چینی شروع ہوگئی ۔ بعض مقامات پر فرضی میڈیکل سرٹیفیکٹس منسلک کرنے والے ٹیچرس ان سرٹیفیکٹس سے دستبرداری اختیار کرنے کی بھی کوشش کررہے ہیں ۔ چیف سکریٹری کے احکامات وصول ہونے کے بعد تمام اضلاع کلکٹرس نے متعلقہ ڈی ای اوز کو طلب کرتے ہوئے تبادلوں کے عمل کا جائزہ لیتے ہوئے تمام میڈیکل سرٹیفیکٹس کی جانچ کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ بوگس سرٹیفیکٹس پیش کرنے والوں کے خلاف رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت دی ۔۔