تاملناڈو کو دریائے کاویری سے پانی کی سربراہی ناممکن

کسانوں کے وفد کو چیف منسٹر سدارامیا کا دوٹوک جواب
بنگلور ۔ 25 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا نے آج آبگیر علاقوں میں ناکافی بارش کے باعث تاملناڈو میں کسانوں کے لیے کاویری کا پانی چھوڑنے سے معذوری ظاہر کی ہے ۔ تاملناڈو کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کاویری کے علاقہ طاس میں خاطر خواہ بارش نہیں ہوسکی ۔ لہذا موجودہ حالات میں آبپاشی کے مقاصد کے لیے پانی کی اجرائی مشکل ہے ۔ چیف منسٹر آفس کے ذرائع نے بتایا کہ سدا رامیا نے یہ تیقن دیا ہے کہ آنے والے دنوں میں بہتر بارش کی صورت میں کاویری سے پانی چھوڑا جاسکتا ہے ۔ قبل ازیں کسان قائدین نے چیف منسٹر سے ملاقات کر کے یہ درخواست کی تھی کہ 9 لاکھ ایکڑ پر محیط چاول کی کاشت کے لیے پانی سربراہ کیا جائے ۔ بصورت دیگر فصل کو نقصان پہنچنے پر کسانوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ جس پر سدارامیا نے یہ نشاندہی کی کہ کاویری طاس کے علاقہ میں پانی کی سطح میں خاطر خواہ اضافہ نہیں ہوسکا ۔ ان حالات میں تاملناڈو کو پانی سربراہ کرناممکن نہیں ہے تاہم چیف منسٹر نے اس مسئلہ پر مباحث کے لیے 27 اگست کو اسمبلی اور کونسل میں اپوزیشن لیڈروں کا ایک اجلاس طلب کیا ہے ۔۔