چینائی ۔ 24 ۔ ستمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : تاملناڈو میں آج مسلمانوں نے روایتی جوش و خروش کے ساتھ بقر عید منائی ۔ اس موقع پر ریاست کی مختلف مساجد میں ہزارہا مسلمانوں نے نماز عید ادا کی اور ایکدوسرے سے بغلگیر ہو کر مبارکباد پیش کی۔ بعد قربانی غریبوں اور ضرورت مندوں میں گوشت تقسیم کیا گیا ۔ گورنر تاملناڈو مسٹر کے روشیا اور چیف منسٹر جیہ للیتا اور صدر ڈی ایم کے مسٹر ایم کروناندھی نے مسلمانوں کو عیدالاضحی کی مبارکباد پیش کی ۔۔
وادی کشمیر میں عیدالاضحی کی
خریداری کیلئے ہجوم
سرینگر۔/24ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) سرینگر اور وادی کشمیر کے دیگر بڑے شہروں میں آج مقامی دکانات پر خریداروں کا ہجوم دیکھا گیا جہاں پر عیدالاضحی کی تیاریوں کیلئے مٹن ، چکن اور بیکری کی اشیاء کی خریداری کی گئی۔ آج صبح سے ہی ملبوسات اور فٹ ویر کی دکانات پر خریداروں میں زبردست اضافہ ہوگیا تھا۔ علاوہ ازیں تاریخی لال چوک اور متصل علاقوں میں فٹ پاتھس پر بیوپاریوں نے ہمہ اقسم کی اشیاء فروخت کیں۔ جبکہ اے ٹی ایمس سے رقومات نکالنے کیلئے قطاریں لگادی گئی تھیں۔ گزشتہ تین یوم سے موسلا دھار بارش سے وادی کشمیر میں عام زندگی مفلوج ہوگئی تھی اور آج موسم خوشگوار ہوتے ہی بازاروں کی رونق لوٹ آئی۔