تاملناڈو میں بارش اور سیلاب کی تباہ کاریاں

چیف منسٹر کی درخواست پر 940 کروڑ روپئے کی مرکزی امداد
نئی دہلی ۔ 23 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : وزیر اعظم نریندر مودی نے آج تاملناڈو میں طوفانی بارش اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کے لیے فی الفور 940 کروڑ کی مالی امداد جاری کرنے کی ہدایت دی ہے جب کہ چند گھنٹے قبل چیف منسٹر جیہ للیتا نے امداد و راحت کاری کے لیے مرکزی فنڈس جاری کرنے کے لیے ایک مکتوب روانہ کیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ تاملناڈو میں نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے مرکز بہت جلد ایک ٹیم روانہ کرے گا۔ جس کی رپورٹ وصول ہونے کے بعد مزید اقدامات کیے جائیں گے ۔ اور ریاستی حکومت کی درخواست پر فی الحال 940 کروڑ روپئے جاری کردئیے گئے ہیں ۔ شمال مشرقی مانسون سرگرم ہوجانے سے ریاست میں موسلادھار بارش اور سیلاب نے زبردست تباہی مچادی ہے ۔ ریاستی حکومت نے نقصانات کا تخمینہ 8481 کروڑ روپئے کا لگایا ہے اور چیف منسٹر نے آج وزیر اعظم سے یہ درخواست کی ہے کہ فی الفور 2000 کروڑ کی امداد جاری کی جائے ۔ چیف منسٹر نے ایک مکتوب میں بتایا کہ یکم اکٹوبر سے جاری بارش کے دوران جملہ 169 افراد ہلاک اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا ہے ۔ انہوں نے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے ایک مرکزی ٹیم روانہ کرنے کی خواہش کی ہے ۔