تاسیس تلنگانہ کی ہفتہ طویل جشن کا آج آغاز

حیدرآباد۔یکم جون ( این ایس ایس ) ملک کی 29ویں ریاست تلنگانہ کا پہلا سالانہ یوم تاسیس 2جون منگل کو ریاست بھر میں بڑے پیمانے پر منایا جائے گا ۔ ریاستی حکومت کی طرف سے موثر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ یوم تاسیس کے سات روزہ جشن کے موقع پر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے تمام اضلاع میں تہذیبی پروگرام منعقد کئے جائیں گے ۔ ترقیاتی اسکیمات پر عمل آوری کو یقینی بنایا جائے گا اور شہیدان تلنگانہ کو خراج عقیدت ادا کیا جائے گا ۔ چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ نے گورنر ای ایس ایل نرسمہن سے آج راج بھون پہنچ کر ملاقات کی اور کل سکندرآباد کے پریڈ گراؤنڈس پر منعقد شدنی یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں شرکت کیلئے شخصی طور پر مدعو کیا ۔ کے سی آر نے گورنر سے نصف گھنٹہ کی ملاقات کے دوران مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کی تقسیم میں ہونے والی تاخیر پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔ ان کی اس ملاقات کو اس لئے بھی نمایاں اہمیت حاصل ہوگئی ہے کہ دونوں ریاستوں کے چیف سکریٹریز نے دو دن قبل مرکزی معتمد داخلہ کی طرف سے نئی دہلی میں طلب کردہ اجلاس میں شرکت کی تھی ۔ تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما نے بھی آج گورنر نرسمہن سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں یوم تاسیس تلنگانہ تقاریب میں شرکت کی دعوت دی ۔ علاوہ ازیں انہوں نے آندھراپردیش کے اپنے ہم منصب آئی وائی آر کرشنا راؤ سے نئی دہلی میں کی گئی بات چیت کی تفصیلات سے بھی واقف کروایا اور کہا کہ انہوں نے آندھراپردیش تنظیم جدید قانون کے 9ویں اور 10ویں جدول سے متعلق تلنگانہ کے موقف کا اعادہ کیا اور مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کی عاجلانہ تقسیم پر زور دیا ۔ اس دوران تلنگانہ کے محکمہ نظم و نسق عامہ ( پولیٹیکل ۔ بی ) نے تمام محکمہ جات کے سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ یوم تاسیس تلنگانہ کے ضمن میں کل منگل کواپنے تمام دفاتر پر قومی پرچم لہرائیں نیز اپنے ماتحت کے عہدیداروں کو بھی ان کے متعلقہ دفاتر میں ایسا کرنے کی ہدایت کی جائے ۔ واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ 2تا 7جون تاسیس تلنگانہ کا سات روزہ جشن منارہی ہے ۔ اس ضمن میں ریاستی ہیڈ کوارٹرس کے علاوہ تمام اضلاع میں تقاریب منعقد کی جائیں گی ۔ چیف منسٹر کلواکنٹلہ چندر شیکھر راؤ 2جون کو صبح 9بجکر 30منٹ پر پریڈ گراؤنڈس پر قومی پرچم لہراتے ہوئے پولیس کی روایتی پریڈ کی سلامیلیں گے ۔ بعد ازاں عوام کے اجتماع سے خطاب کریں گے ۔