… ای ڈی ڈائرکٹر کا تقرر …
تازہ حکمنامہ کیلئے مرکز کو سپریم کورٹ کی ہدایت
نئی دہلی ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج مرکز کو ہدایت دی کہ اندرون ایک ہفتہ تازہ اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کرنال سنگھ کے ڈائرکٹر انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) کی حیثیت سے دو سالہ میعاد کیلئے تقرر عمل میں لایا جائے جو سی وی سی ایکٹ کی گنجائشوں سے مطابقت میں ہو۔ عدالت نے کہا کہ کوئی بھی قاعدہ، قانون پر مقدم نہیں ہوسکتا۔ چیف جسٹس جے ایس کیہر اور جسٹس این وی رمنا پر مشتمل بنچ نے یہ بات اس وقت کہی جب اٹارنی جنرل مکل روہتگی نے بتایا کہ کرنال سنگھ کا گذشتہ سال 27 اکٹوبر کو ای ڈی ڈائرکٹر کی حیثیت سے تقرر کیا جاچکا ہے اور وہ انڈین پولیس سرویس (آئی پی ایس) میں اپنی سبکدوشی تک یہ عہدہ برقرار رکھیں گے۔ تاہم درخواست گذار کی پیروی کرنے والے کونسل نے سنٹرل ویجلنس کمیشن (سی وی سی) ایکٹ کے سیکشن 25(d) کا حوالہ دیا جو ای ڈی ڈائرکٹر کی میعاد کم از کم 2 سال مقرر کرتا ہے۔ بنچ نے کہا کہ اس ایکٹ کے سیکشن 25 کے فقرہ ڈی کے جائزہ لینے سے ظاہر ہوتا ہیکہ ای ڈی کے ڈائرکٹر کا تقرر 2 سال سے کم میعاد کیلئے نہیں ہونا چاہئے چاہے سبکدوشی کی تاریخ کیوں نہ آجائے۔ ہماری رائے ہیکہ قواعد کسی قانون کو کالعدم نہیں کرسکتے ہیں۔ اس عرضی کی یکسوئی کرتے ہوئے بنچ نے حکومت سے اندرون ایک ہفتہ تازہ حکمنامہ جاری کرنے کیلئے کہا جو کرنال سنگھ کو سی وی سی ایکٹ کے سیکشن 25(d) کی مطابق میں دو سالہ میعاد کیلئے ای ڈی کا ڈائرکٹر مقرر کرنے سے متعلق ہو۔