تاریکی میں روشنی بکھیرنے والے طغروں کا نمائش میں اسٹال

نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں کے ہاتھوں آج افتتاح
حیدرآباد ۔ 8 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست جناب عامر علی خاں 9 جنوری جمعہ کو بعد نماز مغرب نمائش میدان میں ریزکریشن Rais Creation نامی اسٹال کا افتتاح انجام دیں گے ۔ یہ اسٹال حیدرآباد کے مشہور و معروف دستکار اور سونے ، چاندی ، پیتل ، تانبے اور دیگر دھاتوں پر کندہ کاری کے ماہر جناب محمد علا الدین صابر مرحوم کے فرزند مسٹر محمد علی الدین امتیاز نے قائم کیا ہے جس میں انہوں نے ہندوستان میں اپنی طرز کے منفرد طغرے فروخت کے لیے رکھے ہیں ۔ اندھیرے میں روشنی پھیلانے والے ان طغروں کی خوبی یہ ہے کہ اگر انہیں برقی روشنی میں ایک گھنٹہ بھی رکھ دیا جائے تو 6 گھنٹوں تک مسلسل روشنی بکھیرتے رہتے ہیں ۔ جناب محمد علی الدین امتیاز نے بتایا کہ انہوں نے اس پراجکٹ پر برسوں کام کیا اور پھر انہیں اندھیروں میں روشنی بکھیرنے والے طغرے بنانے میں کامیابی حاصل ہوئی ۔ ان کے مطابق مکانات ، تجارتی اداروں وغیرہ میں رات کے اوقات میں بلبس و ٹیوب لائٹس بند کردئیے جانے کے باوجود آیات مبارکہ اور احادیث شریفہ کندہ کئے ہوئے یہ طغرے مبارک روشنی بکھیرتے رہتے ہیں ۔ یہ طغرے اسناپ ڈیل پر ( آن لائن فروخت ) بھی فروخت کئے جارہے ہیں ۔ ریز کریشن اسٹال نمبر 2106 میں قائم کی گئی ہے جو نمائش سوسائٹی کے دفتر کے بالکل بازو ہے ۔۔