حیدرآباد ۔ 27 ۔ اگست (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب محمد جلال الدین اکبر نے تاریخی مکہ مسجد کے مسائل پر ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد سے رپورٹ طلب کی ہے۔ انہوں نے عہدیدار کو ہدایت دی کہ وہ فوری طور پر مکہ مسجد کا دورہ کرتے ہوئے ان شکایات کا جائزہ لیں جو راست طور پر محکمہ اقلیتی بہبود کو وصول ہوئی ہیں اور جنہیں اخبارات میں بھی شائع کیا۔ مکہ مسجد کی نگہداشت اور بجٹ میں بے قاعدگیوں کے علاوہ مسجد کے تقدس کی برقراری میں حکام کی ناکامی سے متعلق کئی شکایات وصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عہدیدار کی رپورٹ کی بنیاد پر خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ مکہ مسجد کے انتظامات کو بہتر بنانے کیلئے حکومت کو تجاویز پیش کریں گے جن میں موجودہ عہدیداروں کی جگہ ریٹائرڈ پولیس عہدیدار کی نگرانی میں ٹیم کی تشکیل شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی برسوں سے مکہ مسجد میں سیکوریٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈس کی وقفہ وقفہ سے تبدیلی کی بھی تجویز پیش کی جائے گی۔ قواعد کے مطابق سیکوریٹی ڈیوٹی پر تعینات ہوم گارڈس کو ہر تین ماہ میں تبدیل کیا جاتا ہے
لیکن مکہ مسجد میں حکام کی ملی بھگت کے ذریعہ کئی برسوں سے ہوم گارڈس کی مقررہ ٹیم برقرار ہے۔ محکمہ کو شکایت ملی ہے کہ ہوم گارڈس متعلقہ حکام کی ملی بھگت کے ذ ریعہ کئی بے قاعدگیوں میں ملوث ہیں، جن میں رقومات کی وصولی اور مسجد کے تقدس کی پامالی شامل ہے۔ چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مسجد کے احاطہ میں کاروبار کی اجازت دیتے ہوئے ان سے رقومات حاصل کی جارہی ہیں۔ اس کے علاوہ مسجد میں غیر اخلاقی سرگرمیوں کو جان بوجھ کر نظرانداز کیا جارہا ہے اور ان حرکتوں میں ملوث نوجوانوں سے رقم وصول کی جارہی ہے ۔ ڈائرکٹر اقلیتی بہبود نے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کو ہدایت دی کہ وہ اچانک مسجد کا دورہ کریں اور حقیقی صورتحال سے انہیں واقف کرائیں۔ انہوں نے بتایا کہ وہ خود بھی مسجد کا اچانک دورہ کریں گے اور مقامی افراد سے ملاقات کے ذریعہ صورتحال سے واقفیت حاصل کریں گے۔ واضح رہے کہ ایک ریٹائرڈ ملازم سرکار کو سپرنٹنڈنٹ کے عہدہ پر فائز کیا گیا اور ہر سال ان کی خدمات میں توسیع دی جارہی ہے۔ یہ عہدیدار مکہ مسجد کے امور کی نگرانی کے بجائے ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر کے دفتر میں کام کر رہے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ عملہ کی کمی کا بہانہ کرتے ہوئے مکہ مسجد اور شاہی مسجد کے نگرانکاروں کی خدمات ڈی ایم ڈبلیو آفس میں حاصل کی جارہی ہیں۔