تاریخی مکہ مسجد کی چھت کا مرمتی کام ، مسجد کا ایک حصہ مصلیوں کیلئے بند

رمضان المبارک میں دشواری ممکن ، سکریٹری اقلیتی بہبود کا مصلیوں کی حفاظت پر فیصلہ
حیدرآباد ۔ یکم جون (سیاست نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے تاریخی مکہ مسجد کی چھت کے مرمتی کام کا آغاز کرتے ہوئے مسجد کے ایک حصہ کو مصلیوں کیلئے بند کردیا ہے۔ اس حصہ میں چھت سے پانی اترنے کے باعث چھت کے کمزور ہونے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ایک مقام پر چھت کی گچی گرچکی ہے۔ اگرچہ چھت میں پانی اترنے کا مسئلہ تقریباً ایک سال سے برقرار ہے لیکن عہدیداروں نے کوئی توجہ نہیں دی۔ اب جبکہ حالیہ عرصہ میں کئی مرتبہ موسلادھار بارش ہوئی جس سے پانی چھت میں اترنے لگا۔ محکمہ اقلیتی بہبود نے چھت کی مرمت کا کام عارضی طور پر شروع کردیا ہے اور مصلیوں کے تحفظ اور سلامتی کو پیش نظر رکھتے ہوئے مسجد کے اس حصہ میں بیریکیٹس کے ذریعہ حدبندی کردی گئی اور اس علاقہ کو محفوظ کردیا گیا ، جہاں مصلیوں کو نماز اور عبادتوں کی اجازت نہیں رہے گی۔ سکریٹری اقلیتی بہبود عمر جلیل نے بتایا کہ مصلیوں کی سلامتی کو پیش نظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عارضی طور پر مسجد کی چھت کی مرمت کا کام شروع کردیا گیا ہے۔ ان کے مطابق اندرونی حصہ میں صفائی کا کام بھی تیزی سے جاری ہے جو رمضان المبارک سے قبل مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے مصلیان مسجد سے اپیل کی کہ وہ محکمہ اقلیتی بہبود سے تعاون کرتے ہوئے بیریکیٹس کے حصہ میں نماز کی ادائیگی سے گریز کریں۔ انہوں نے بتایا کہ مسجد کی تعمیر و مرمت کیلئے 10 کروڑ روپئے پر مشتمل جامع پیکیج تیار کیا جارہا ہے جس میں چھت کی مرمت کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب ، لاؤڈ اسپیکر سسٹم کی تبدیلی ، کارپٹ ، واٹر سپلائی اور ڈرینج جیسے مسائل کی یکسوئی شامل ہے۔ آصف جاہی خاندان کے مزارات کے حصہ میں بھی چھت کی مرمت کا کام انجام دیا جائے گا ۔ واضح رہے کہ محکمہ اقلیتی بہبود کے اس فیصلہ سے رمضان المبارک کے دوران نماز تراویح میں مصلیوں کو دشواری ہوسکتی ہے کیونکہ روزانہ ہزاروں افراد  پہلے دہے میں شامل رہتے ہیں۔ مصلیوں کی سہولت کیلئے مسجد کے بائیں جانب کے صحن میں بھی واٹر پروف شیڈ تعمیر کیا جارہا ہے ۔