آہک پاشی کا کام بہت جلد مکمل، ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 28 جون (سیاست نیوز) تاریخی مکہ مسجد میں جنریٹر کی تنصیب عمل میں لائی جاچکی ہے اور آہک پاشی کا کام اندرون چار یوم مکمل کرلیا جائے گا۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ اسٹیٹ مسٹر محمد محمود علی نے یہ بات بتائی۔ انہوں نے آج ریاست تلنگانہ کی بڑی مساجد دیہی علاقوں میں رمضان المبارک کے تعلق سے مسلم اقلیت کیلئے سہولیات کے تعلق سے پرنسپل سکریٹری اقلیتی بہبود کا خصوصی اجلاس طلب کیا۔ نہوں نے بتایا کہ پرنسپل سکریٹری کو خصوصی ہدایت جاری کردی گئیں ہیکہ دیہی علاقوں کے مساجد جہاں بہت زیادہ ضرورت ہے فی کس ایک لاکھ روپئے مساجد کو فوری جاری کردیئے جائیں۔ جناب محمود علی نے بتایا کہ کلکٹرس کو ہدایت دی گئی ہیکہ ہر ضلعی سطح پر 50 لاکھ روپئے، مساجد کے قریب صفائی اور بنیادی سہولیات کیلئے جاری کئے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کی تاریخی مکہ مسجد میں جنریٹر کی ناقص کارکردگی سے کافی پریشانیاں پیش آرہی تھیں اور تلنگانہ کی حکومت نے فوری طور پر اقدامات کرتے ہوئے 20 لاکھ کے اخراجات سے ساونڈ پروف جنریٹر کی تخفیف کو عمل میں لایا جس کی مدد سے ماہ رمضان المبارک میں بلاوقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنایا گیا اور اس جنریٹر کی مدد سے مکہ مسجد مصلیوں کو کوئی پریشانی نہیں ہوگی۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ پہلے جو جنریٹر تھا وہ کمزور تھا اور طلب کے متعلق ناکافی ثابت ہورہا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہاؤز کا کام بھی مکمل کرلیا گیا ہے اور بیت الخلاء کے علاوہ وضو خانوں کا کام بھی تکمیل کو پہنچ چکا ہے اور رنگ کا کام تین تا چار دن میں مکمل ہوجائے گا۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اماموں کو گذشتہ سال کی تنخواہ ابھی تک نہیں دی گئی اور اب اس طرح کے اقدامات کے تدارک اور تنخواہوں میں اضافہ کے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے دیہی علاقوں کو مساجد کمیٹی کے ارکان سے درخواست کی کہ وہ اپنے مسائل کو رجوع کریں۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ریاست میں مسلم اقلیت کی فلاح و بہبود کے اقدامات پر کے سی آر حکومت سنجیدگی سے عمل کررہی ہے۔