تاریخی قلعہ گولکنڈہ میں یوم آزادی تقاریب ، سیکوریٹی انتظامات

عوام کو کسی قسم کے بیاگ ، بریف کیس ، ٹفن وغیرہ نہ لانے کا مشورہ ، پولیس کمشنر کا اعلامیہ
حیدرآباد۔8اگسٹ(سیاست نیوز) تاریخی گولکنڈہ قلعہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے منعقد کی جانے والی یوم آزادی تقاریب میں جہاں چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ قومی پرچم لہرائیں گے اور پریڈ کی سلامی لیں گے اس مقام پر منعقد ہونے والی یوم آزادی تقاریب میں شرکت کرنے والوں کو کسی بھی قسم کے بیاگ‘ بریف کیس ‘ ٹفن‘ کیمرہ‘ یا ڈبہ وغیرہ ساتھ رکھنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی۔ کمشنر مسٹر ایم مہندر ریڈی نے عوامی اعلامیہ جاری کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کیا کہ یوم آزادی تقاریب میں شرکت کرنے والوں کو ان اشیاء کے ساتھ رکھنے سے اجتناب کرنا ہوگا اور نہ ہی سیکیوریٹی عملہ کی جانب سے بیاگ‘ سوٹ کیس‘ بریف کیس یا دیگر سامان رکھنے کیلئے کوئی سہولت مہیا کروائی جائے گی۔انہوں نے ان اشیاء کو ساتھ لانے سے ہی اجتناب کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کی یوم آزادی تقاریب میں شرکاء اورمہمانوں کو کسی قسم کی کوئی تکلیف نہ ہو اس کیلئے یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ان اقدامات میں عوام اور مدعوین کو بھی محکمہ پولیس کے عہدیداروں اور عملہ سے تعاون کرنا چاہئے ۔حکومت تلنگانہ کی ریاستی سطح پر منعقد کی جانے والی یوم آزادی تقاریب اور پرچم کشائی کے مقام کو محفوظ بنانے اور شرکاء کے تحفظ کیلئے محکمہ پولیس کے مختلف شعبوں کی جانب سے انتظامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے لیکن تمام باب الداخلوں پر سٹی سیکیوریٹی ونگ کی جانب سے عملہ پروگرام میں شرکت کیلئے پہنچنے والوں کی جامع تلاشی لے گا اور اس امر میں بھی شرکاء کو تعاون کرنا چاہئے ۔محکمہ پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں اس بات کی بھی وضاحت کی گئی ہے کہ خانگی کیمروں کو تقریب کے مقام پرلے جانے کی اجاز ت حاصل نہیں رہے گی۔تاریخی گولکنڈہ کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں رہنے والے عوام کا کہنا ہے کہ ان کے اپنے علاقہ میں حکومت کی سرکاری آزادی تقاریب منعقد کی جا رہی ہیں لیکن علاقہ کے عوام ہی ان تقاریب میں شرکت سے محروم ہیں اسی لئے حکومت اور مقامی منتخبہ نمائندوں کو چاہئے کہ وہ اس سلسلہ میں حکومت سے نمائندگی کرتے ہوئے اس علاقہ کے عوام کو بھی اس یوم آزادی تقریب میں شرکت کی راہیں ہموار کریں۔مسٹرایم مہندر ریڈی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے بعد یہ کہا جا سکتا ہے کہ 15اگسٹ کو منعقد ہونے جا رہی سرکاری یوم آزادی تقاریب کے دوران اس مرتبہ صیانتی انتظامات سخت ہوں گے اور تمام شرکاء کی جامع تلاشی کو یقنی بنایا جائے گا تاکہ یوم آزادی تقاریب میں کسی بھی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہونے پائے اورپر امن انداز میں ریاستی حکومت کی یوم آزادی تقاریب منعقد ہوں ۔اس تقریب کے دوران پرچم کشائی ‘ سلامی کے علاوہ تلنگانہ تہذیب سے متعلق تہذیبی و ثقافتی رنگارنگ پروگرامس بھی منعقد کئے جائیں گے۔