تاریخی قطب شاہی گنبدمیں تاریکی ایک ہفتہ سے برقی سربراہی منقطع، بلز کی عدم ادائیگی کی شکایت

حیدرآباد ۔ 4 نومبر (سیاست نیوز) تاریخی قطب شاہی گنبد میں اندھیروں نے گھر کرلیا ہے۔ تقریباً ایک ہفتہ سے بجلی سربراہی منقطع کردی گئی ہے۔ دو ماہ سے 1,19,834 روپئے برقی بلز کی عدم ادائیگی پر محکمہ ٹرانسکو نے برقی منقطع کردی ہے جس کی وجہ سے یہاں کئے جارہے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔ آغا خان ٹرسٹ کے تحت قطب شاہی گنبد میں مرمتی کاموں کے ذریعہ تاریخی گنبد کو حسین و خوبصورت بنایا جارہا ہے۔ فی الحال محمد قلی قطب شاہ کی مزار کے پاس فلورنگ کا کام جاری ہے اور تعمیر کیلئے درکار اشیاء قدیم طرز تعمیر کے مطابق یہیں پر تیار کی جارہی ہیں اور رات کے اوقات میں اندھیرے کی وجہ سے محافظ دستہ مشکلات سے دوچار ہورہا ہے۔ برقی منقطع کردی جانے کی وجہ سے واٹرپمپ کام نہیں کررہے ہیں جس کی وجہ سے وہاں پیڑپودوں اور ہریالی کو پانی سے سیراب بھی نہیں کرایا جارہا ہے۔ ماضی میں بھی اسی طرح دو مرتبہ برقی بلز کی عدم ادائیگی پر برقی منقطع کردی گئی تھی۔ قطب شاہی گنبد کے انچارج نارائنا نے کہا کہ برقی بلز ادا کی گئی ہے مگر وہ ٹرانسکو کے کھاتے کے بجائے دوسرے کھاتے میں جمع ہوگئی ہے اور اس معاملہ کا پے اینڈ اکاؤنٹس عہدیداران جائزہ لے رہے ہیں اور جلد از جلد اس رقم کو حاصل کرتے ہوئے ٹرانسکو کے کھاتے میں جمع کردیا جائے گا۔