تاریخی فلاحی عمارت سے حکومت کی شدید غفلت

مجلس بلدیہ کی جانب سے تاریخی عثمانیہ ہاسپٹل کو خالی کرنے کی نوٹس
ہاسپٹل اسٹاف کا ’’ہیلمیٹ‘‘ پہن کر مفوضہ فرائض کی ادائیگی
حیدرآباد۔ 4 ستمبر (سیاست نیوز ) مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے سپرنٹنڈنٹ عثمانیہ جنرل ہاسپٹل کو عمارت کی خستہ اور زبوں حالی کی بناء پر اسے خالی کرنے کی نوٹس جاری کی تاکہ اس کی خستہ حالی کو دُور کرتے ہوئے ضروری تعمیر و مرمت کے کام انجام دیئے جاسکیں۔ واضح رہے کہ حکومت تلنگانہ نے اس تاریخی عمارت کو خستہ خال عمارت کو اپنی فہرست ’’ازسرنو جدید تعمیرات‘‘ میں اسے شامل کیا تھا۔ یاد رہے کہ چند دن قبل چھت کا کچھ حصہ گر گیا تھا جس پر مجلس بلدیہ ’’خواب غفلت سے بیدار ہوکر فوری مذکورہ نوٹس جاری کی۔ کچھ عرصہ قبل، ہاسپٹل کے عملہ نے عمارت کی کم از کم ضروری مرمت نہ کرنے پر سخت احتجاج کیا تھا۔ اپنے غم و غصہ کے اظہار کیلئے انہوں نے ’’ہیلمیٹ‘‘ پہن کر اندرون دواخانہ اپنے فرائض انجام دیئے تھے۔ اس انوکھے اور شدید احتجاجی مظاہرہ پر محکمہ صحت نے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں آئندہ کیلئے انتباہ دیا تھا۔ عثمانیہ ہاسپٹل کے کئی صدور شعبہ جات نے ہاسپٹل کے وارڈس کی منتقلی کی سخت مخالفت کی تاہم انہوں نے عمارت کی ضروری حد تک کم از کم مرمت کی شدید ضرورت ظاہر کرتے ہوئے اس کی عاجلانہ تکمیل پر بھی زور دیا۔