تاریخی عمارت محبوب چوک کے دامن میں ’ گنجہ مار ٹولی ‘ سے مسائل

حیدرآباد ۔ 19 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز): تاریخی عمارت محبوب چوک کلاک ٹاور میں حالانکہ جی ایچ ایم سی کی جانب سے تعمیری کام انجام دئیے جارہے ہیں ۔ اس کے باوجود چند غیر سماجی عناصر یہاں اپنی حرکتوں میں مصروف ہیں ۔ حالانکہ پولیس حکام کی جانب سے دن میں 2 مرتبہ یہاں کا راونڈ مارا جاتا ہے اور کئی مرتبہ انہیں پکڑا بھی گیا ہے جس کے باوجود یہ نہ صرف بے خوف تاریخی عمارت میں داخل ہوتے ہیں بلکہ گانجے کے کش مارتے ہوئے دنیا سے بے خبر بھی ہوجاتے ہیں ۔ جی ایچ ایم سی کا جو عملہ یہاں تعمیری کاموں میں مصروف ہے ۔ اس نے کئی مرتبہ ان غیر سماجی عناصر کو باہر جانے کی ہدایت بھی دی ہے لیکن یہ کسی کی نہیں سنتے ۔ سیاحوں کے لیے بھی ان کی موجودگی خطرے کی گھنٹی ثابت ہورہا ہے ۔ میڈیا نمائندے نے جب تفصیلات حاصل کی تو علم ہوا کہ یہ 3 تا 4 افراد کی ایک ٹولی ہے جو کہ تاریخی عمارت کے دامن میں گانجے کے کش لگاتے ہوئے اپنی زندگی سے لطف اندوز ہوتے رہتے ہیں ۔ علاوہ ازیں جی ایچ ایم سی سپرنٹنڈنٹ انجینئر ساوتھ زون پراجکٹ ڈپارٹمنٹ رنتونیت نے کہا کہ وہ اس مسئلے سے واقف ہیں اور یہ غیر سماجی عناصر بے خوف تاریخی عمارت کے حدود میں داخل ہوتے ہوئے جی ایچ ایم سی کے ملازمین اور سیاحوں کے لیے مسائل پیدا کررہے ہیں ۔ تاریخی محبوب چوک کو عظمت رفتہ بحالی کے لیے ایک کروڑ سے اس کی تعمیر نو کا کام آخری مرحلے میں ہے اور جی ایچ ایم سی کے حکام مستقل طور پر تعمیری کاموں کا معائنہ کررہے ہیں اور کہا کہ صرف پینٹنگ اور آخری مرحلے کے چند چھوٹے کام باقی رہ گئے ہیں ۔ جس کے بعد سیاحوں کی آمد میں اضافہ متوقع ہے لیکن اس سے قطع نظر ان غیر سماجی عناصر سے مسائل پیدا ہورہے ہیں ۔۔