انقرہ۔ 10 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی وزارت داخلہ کے ایک اہم بیان کے مطابق تارکین وطن کو لے جانے والی ایک کشتی کے ایبحیان ساحل کے قریب حادثہ کا شکار ہونے سے 4 افراد ہلاک جبکہ دیگر 30 افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔ وزارت کی اطلاع میں مزید بتایا گیا ہے کہ کشتی حادثہ میں بچ جانے والی ایک عراقی خاتون نے تیرتے ہوئے کنارے پر پہنچ کر ترک حکام کو اس حادثہ کے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ کشتی ازمیر صوبہ کرابرون مستقر کے قریب حادثہ کا شکار ہوئی۔ کوسٹ گارڈ نے فوری طور پر چھوٹے جہازوں کے علاوہ ایک طیارہ اور ایک ہیلی کاپٹر کو بھی جائے حادثہ پر روانہ کیا ہے تاکہ لاپتہ افراد کو تلاش کیا جائے، یہاں اس بات کا تذکرہ بھی ضروری ہے کہ حالیہ دنوں میں ایسے واقعات ؍ حادثات میں کمی ضرور ہوئی ہے لیکن تارکین وطن اب بھی ترکی کے ذریعہ یونان میں بذریعہ کشتی داخل ہوکر دیگر یوروپی ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کرتے رہتے ہیں۔