تارکین وطن کی کشتیاں غرقاب، سات بچے ہلاک

ایتھنز 29 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) یونان کے قریب تارکین وطن کی چار کشتیاں ڈوبنے سے سات بچوں سمیت کم ازکم دس افراد ہلاک ہوگئے ہیں جو کہ یورپ کی طرف تارکین وطن کے سفر کے دوران پیش آنے والا تازہ ترین ہلاکت خیز واقعہ ہے۔جو ترکی کے راستے یونان کے جزیرے لیسبوس کے شمالی ساحل کے قریب پیش آیا۔مقامی ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر میں ڈاکٹر اور طبی عملہ بچائے گئے افراد میں سے بچوں سمیت اکثر لوگوں کو ہوش میں لانے کی کوشش کر تے نظر آرہے ہیں۔ جو پانی میں گرنے کی وجہ سے بے ہوش ہو گئے تھے۔اس تازہ واقعے کے بعد جاریہ ماہ یونان کے ساحلوں کے قریب ڈوب کر ہلاک ہونے والے تارکین وطن کی تعداد 39 ہو گئی ہے۔اس سے قبل چہارشنبہ کی صبح لیبیا کے ساحل کے قریب سے گنجائش سے زیادہ افراد کو سوار کرنے والی کشتیوں سے تقریباً ایک ہزار تارکین وطن کو وقت بچا لیا گیا۔ یہ گزشتہ تین ہفتوں کے دوران ایک ہی دن میں بچائے گئے افراد کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔بحیرہ روم کے راستے خستہ حال کشتیوں کے ذریعے اٹلی کے جنوبی حصے کا سفر کرنے والوں کی تعداد میں خراب موسم کی وجہ سے کمی دیکھی جا رہی ہے اور تارکین وطن اب کسی اور راستے کا انتخاب کر رہے ہیں۔