نئی دہلی ۔ 9 مئی ۔( سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے آج آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا (اے ایس آئی ) کی سرزنش کی کہ وہ تاریخی تاج محل کی حفاظت اور تحفظ کیلئے مناسب اقدامات کرنے میں ناکام ہوا ہے ۔ فاضل عدالت نے تاریخی یادگار کو کیڑوں اور دیگر حشرات الارض سے نقصان ہونے کے بارے میں بھی تشویش کااظہار کیا اور حکام بشمول اے ایس آئی سے دریافت کیا کہ اس کے تدارک کے لئے اُنھوں نے کیااقدامات کئے ہیں۔ جسٹس ایم بی لوکور اور جسٹس دیپک گپتا کی بنچ نے ایڈیشنل سالیسٹر جنرل اے این ایس ناڈکرنی جو مرکز کی پیروی کررہے ہیںانھیں بتایا کہ اگر اے ایس آئی نے اپنا کام کیا ہوتا تو یہ صورتحال پیدا نہ ہوئی ہوتی۔