تاج محل کیلئے بہت جلد ای ۔ٹکیٹنگ کا آغاز

کمسن بچوں اور نمازیوں کیلئے مفت داخلہ ٹکٹ
آگرہ ۔ 23 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) محکمہ آثار قدیمہ بہت جلد تاج محل کے تینوں باب الداخلوں (گیٹس) پر ای ٹکیٹنگ کا آغاز کرے گا۔ ASI سپرنٹنڈنٹ مسٹر این کے پاٹھک نے بتایا کہ 15 سال سے کم عمر کے بچوں کیلئے بھی صفر قدر کا ٹکٹ جاری کیا جائے گا ۔ مرکزی مملکتی وزیر فروغ انسانی وسائل اور شنکر کتھاریہ کی جانب سے مرکزی وزیر سیاحت مہیش شری کو روانہ ایک مکتوب میں پیش کردہ تجاویز پر انہوں نے یہ جواب دیا۔ مسٹر کتھاریہ آگرہ لوک سبھا حلقہ سے بی جے پی نمائندہ کی حیثیت سے منتخب ہوئے ہیں۔ 17 ویں صدی کی مغل فن تعمیر کا شاہکار تاج محل کے انتظامات میں بنیادی تبدیلیوں پر زور دیا ہے جوکہ ملک کا سب سے بڑا سیاحتی مرکز ہے ۔ اپنے مکتوب میں کتھاریہ نے عالمی شہرت یافتہ تاریخی عمارت اور اطراف و ا کناف کے علاقہ تاج گنج کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعہ نگرانی رکھنے کا مشورہ دیا ہے تاکہ داخلی خطروں سے تحفظ فراہم کیا جاسکے ۔