تاج محل کا رات میں نظارہ ‘ آثار قدیمہ سے جواب طلبی

نئی دہلی 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ نے آْ محکمہ آثار قدیمہ سے ایک درخواست پر جواب طلب کیا ہے ۔ ایک وکیل کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیاحوں کو تاج محل کے رات میں سنٹرل ٹینک تک جاکر نظارہ کی اجازت دی جائے ۔ چیف جسٹس ٹی ایس ٹھاکر کی قیادت والی ایک بنچ نے محکمہ آثار قدیمہ اور دوسرے متعلقہ حکام کو ایک نوٹس جاری کرتے ہوئے اندرون دو ہفتے جواب داخل کرنے کی انہیں ہدایت دی ہے ۔ وکیل اجئے اگروال نے جو بی جے پی لیڈر ہے سپریم کورٹ میں یہ درخواست دائر کی ہے اور کہا کہ اکثر سیاح یہ شکایت کرتے ہیں کہ رات میں فاصلہ زیادہ ہونے کی وجہ سے اس یادگار عمارت کا صحیح نظارہ نہیں ہوپاتا ایسے میں سیاحوں کو سنٹرل ٹینک تک جاکر اس یادگار عمارت کا نظارہ کرنے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ سنٹرل ٹینک تاج محل کی عمارت سے 150 میٹرس کے فاصلے پر ہے اور یہاں سے بہتر نظارہ ہوسکتا ہے ۔