بلرامپور ( یو پی ) 8 ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی اتر پردیش کے صدر لکشمی کانت باجپائی نے آج کہا کہ تاج محل کو وقف بورڈ کے حوالے نہیں کیا جاسکتا کیونکہ یہ محکمہ آثار قدیمہ سے تعلق رکھتی ہے ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کاہ کہ شاہجہاں نے یہ اراضی خریدی تھی ۔ اس کو وقف بورڈ کے حوالے نہیں کیا جاسکتا کیونکہ اب یہ محکمہ آثار قدیمہ کی ملکیت ہے جسے برطانوی حکومت نے 1920 میں سونپا تھا ۔ بی جے پی کے ریاستی سربراہ اتر پردیش کے وزیر اعظم خان کے اس بیان پر رد عمل ظاہر کر رہے تھے جس میں انہوں نے کہا تھا کہ تاج محل کو وقف بورڈ کے حوالے کیا جانا چاہئے ۔ اعظم خان نے 13 نومبر کو کہا تھا کہ دنیا کے سات عجائبات میں شامل تاج محل کو وقف بورڈ کی ملکیت قرار دیا جانا چاہئے ۔ باجپائی نے کل کہا تھا کہ شاہجہاں نے تیجو مہالیہ مندر کی اراضی راجہ جئے سنگھ سے خریدی تھی اور اس کو ثابت کرنے دستاویزات بھی موجود ہیں۔