تاجکستان کو ہندوستان کی دو کروڑامریکی ڈالر کی ترقیاتی پراجکٹس کیلئے پیشکش

دوشامبے ۔ 8 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے تاجکستان کو اس کے ترقیاتی پراجکٹس کیلئے مالی امداد کے طور پر دو کروڑ امریکی ڈالر کی پیشکش کی جبکہ صدرجمہوریہ ہند رام ناتھ کووند تاجکستان کے دورہ پر ہیں اور انہوں نے صدر تاجکستان سے اس سلسلہ میں بات چیت کی ہے۔ دونوں ممالک نے دہشت گردی کی اور پرتشدد انتہاء پسندی کی تمام نوعیتوں کے خلاف مشترکہ جدوجہد کا عہد کیا۔ صدرجمہوریہ ہند کووند تین روزہ دورہ پر تاجکستان آئے ہوئے ہیں اور توقع ہیکہ ان کے دورہ سے دونوں ممالک کے تعلقات مستحکم ہوں گے۔ ہندوستان کے تاجکستان کے ساتھ تاریخی، شاعرانہ اور فلسفیانہ تعلقات ہیں۔ امیر خسرو اور بے دل ہندوستان اور تاجکستان میں ایک مقبول عام نام ہیں۔ ان کے کام ہندوستان اور تاجکستان کے انسانی اور رواداری کی بنیادوں پر مشترک اقدار کے حامل ہیں۔ کووند نے کہا کہ ہندوستان تاجکستان کو دہشت گردی کے خلاف امن ، استحکام اور ترقیاتی کام کے فروغ میں سب سے بڑا حصہ ادا کرنے والا ملک سمجھتا ہے۔