تاجرین کیلئے جی ایس ٹی تبدیلیاں، سورت میں راہول کا وعدہ

سورت (گجرات ) ، 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) نائب صدر کانگریس راہول گاندھی نے سوت کے علاقہ وراچھا میں آج زبردست ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاٹے دار کمیونٹی کو حصول کوٹہ کیلئے اُن کے ایجی ٹیشن کے دوران ڈھائے گئے پولیس مظالم یاد دلائے، اور تاجرین سے وعدہ کیا کہ اُن کی پارٹی کو برسراقتدار لایا جائے تو جی ایس ٹی میں تبدیلیاں کرتے ہوئے اُن کے مطالبات پورے کئے جائیں گے۔ وراچھا کو پٹیل (یا پاٹے دار) برادری کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہ 2015ء میں پاٹے دار کوٹہ ایجی ٹیشن کے مراکز میں سے رہا۔ راہول کو سننے کیلئے اس شہر میں بڑا ہجوم اکٹھا ہوا، جہاں بی جے پی نے 2012ء کے گجرات انتخابات میں 16 اسمبلی نشستوں کے منجملہ 15 جیتے تھے۔ راہول نے کہا: ’’یہ گجرات کے سچ اور بی جے پی کی سچائی کے درمیان لڑائی ہے۔ گجرات کا سچ بی جے پی کے سچ سے مختلف ہے۔ بی جے پی کی سچائی (کوٹہ ایجی ٹیشن کے دوران) پٹیل کمیونٹی پر فائرنگ کا حکم دینا ہے۔‘‘ اگست 2015ء میں پٹیل کمیونٹی کے ایجی ٹیشن برائے او بی سی کوٹہ کے دوران احتجاج پُرتشدد شکل اختیار کرنے پر پولیس نے فائرنگ کردی تھی اور اس ایجی ٹیشن میں 14 پاٹے دار نوجوانوں کی موت ہوئی، جن میں سے بعض پولیس فائرنگ کا شکار ہوئے۔ راہول نے کہاؤ ’’گجرات کا سچ، اور سورت کا سچ یہ ہے کہ ہمارے لوگ یہاں سے چین کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ لیکن آپ کی مدد کرنے کی بجائے بی جے پی چند صنعت کاروں کی مدد میں جٹ گئی ہے‘‘۔ نائب صدر کانگریس نے اپنی تقریر ان نعروں کے ساتھ شروع کی جو پٹیل کوٹہ احتجاجیوں نے استعمال کئے ہیں، جیسے ’’جئے سردار، جئے پاٹے دار‘‘ اور ’’جئے بھوانی‘‘۔ انھوں نے مرکز کی نریندر مودی زیر قیادت بی جے پی حکومت کو نوٹ بندی، جی ایس ٹی، بے روزگاری اور ہیرے اور پارچہ جات کے اس مرکز میں بزنس کرنے میں آسانی جیسے معاملوں پر سخت تنقیدوں کا نشانہ بنایا۔ سورت میں گڈز اینڈ سرویسز ٹیکس (جی ایس ٹی) کے خلاف ٹکسٹائل ٹریڈرز کا حال میں ایجی ٹیشن دیکھنے میں آیا ہے۔ راہول نے کہا: ’’مودی جی نے نوٹ بندی اور جی ایس ٹی متعارف کراتے ہوئے چھوٹے اور اوسط تاجرین کو تباہ کردیا ہے۔ اگر ہم برسراقتدار آئیں تو آپ کی بات سنیں گے۔‘‘