کوالالمپور ۔ 21 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملائشیائی پولیس نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہفتہ قبل ایک صنعتی آلہ جس میں تابکاری کے اثرات ہیں، کے غائب ہوجانے کے واقعہ کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ یاد رہیکہ 10 اگست کو اس آلہ کو ایک مقام سے دوسرے مقام منتقل کرنے والے دو ٹیکنیشنس نے بتایا کہ تابکاری کے اثرات والا آلہ اس وقت کھو گیا جب اسے جنوبی نیگیری سیمبلن اسٹیٹ سے کمپنی کے دفتر موقوعہ شاہ عالم منتقل کیا جارہا تھا۔ پولیس نے دونوں ٹیکنیشنس کو تحقیقات کیلئے حراست میں لے لیا تاہم جب یہ معلوم ہوگیا کہ تابکاری آلہ کے لاپتہ ہونے سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے تو انہیں رہا کردیا گیا۔ مقامی رپورٹس کے مطابق دونوں ٹیکنیشنس نے یہ دعویٰ کیا ہیکہ دوران سفر وہ کہیں بھی رکے نہیں تھے لہٰذا یہ بات خارج از امکان نہیں کہ مذکورہ آلہ ٹرک سے گر گیا ہو۔