تابناک مستقبل کیلئے اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارت ضروری

حیدرآباد۔ 13 مئی (پریس نوٹ) مسابقت کے اس دور میں روشن مستقبل کیلئے اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارت ضروری ہے۔ پالی ٹیکنک کامیاب طلبہ دوران تعلیم عملی تربیت کی وجہ سے جلد روزگار حاصل کرسکتے ہیں یا وہ ECET کے ذریعہ B.Tech سال دوم میں داخلہ پاسکتے ہیں۔ پالی سیٹ کا نصاب دسویں جماعت کے مضامین طبیعیات، کیمیا اور ریاضی پر اور پرچہ سوالات آبجیکٹیو طرز پر ہوتا ہے جو امیدوار حال ہی میں دسویں جماعت کا امتحان دیئے ہیں، وہ امتحان کے طریقہ کار کو سمجھتے ہوئے تھوڑی محنت کرلیں تو اچھا رینک حاصل کرسکتے ہیں جو اپنی پسند کے شہر میں اور پسندیدہ مضمون میں داخلہ کے لئے ضروری ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور ڈائریکٹر سی ای ڈی ایم عثمانیہ یونیورسٹی نے نظام کالج حیدرآباد پر POLYCET کوچنگ کلاسیس کا افتتاح کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ حیدرآباد کے علاوہ نظام آباد، ظہیرآباد، محبوب نگر، نلگنڈہ پر بھی کوچنگ کا اہتمام کیا گیا ہے جو 27 مئی تک جاری رہے گی۔ اس کے علاوہ ECET کوچنگ بھی دی جارہی ہے۔ یہ تمام کوچنگ پروگرام محکمہ اقلیتی بہبود کی زیرسرپرستی چلائے جارہے ہیں۔ اقلیتی امیدواروں کو چاہئے کہ حکومت کی جانب سے فراہم کردہ اس سہولت سے استفادہ کرتے ہوئے بہتر رینک کو یقینی بنائیں۔ آخر میں ڈاکٹر سی ایم بشیرالدین پروجیکٹ آفیسر نے شکریہ ادا کیا۔