تائیوان میں محروس شوہر سے بیوی کی ملاقات پر امتناع

بیجنگ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین نے تائیوان کے ایک انسانی حقوق جہدکار کی بیوی کو جیل کی سزا کاٹ رہے اپنے شوہر سے جیل میں ملاقات کرنے پر پابندی عائد کردی ہے جس کی وجہ بیوی کا ناروا سلوک بتایا گیا ہے۔ کابینہ کی تائیوان کے اُمور کے دفتر سے جاری ایک بیان میں ترجمان ماژ یاؤ گوانگ نے بتایا کہ بیوی اپنے شوہر سے اس سے قبل بھی جیل میں ملاقات کیلئے آئی تھی تاہم اس نے غلط بیانی کے علاوہ جیل کے معاملات میں بھی مداخلت کرنے کی کوشش کی تھی۔ بیوی کا نام لی چنگ یو بتایا گیا ہے جبکہ شوہر لی مینگ شے شیشان نامی جیل میں جو صوبہ ہنان میں واقع ہے، پانچ سال کی سزا کاٹ رہا ہے۔

رہائشی عمارت میں دھماکے، 8 ہلاک
بیجنگ۔ 30 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) چین کے شہر چنگچون میں واقع ایک اپارٹمنٹ میں ہوئے زبردست دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ژینہوا کے مطابق دھماکے عمارت کی چوتھی منزل پر ہوئے جس کے فوری بعد آتش فرو عملہ، پولیس اور ایمبولینس وہاں پہنچ گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد یہ بات سامنے آئی ہے کہ دھماکے پکوان گیاس کے نامناسب استعمال کی وجہ سے ہوئے جو عمارت کے مکین استعمال کرتے تھے۔ تمام زخمیوں کو مقامی ہاسپٹلس میں شریک کیا گیا ہے۔