تائیوان ۔ 25 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مشرقی ایشیا میں غیرمعمولی سردی سے تائیوان میں 50 افراد کی موت ہو گئی ہے جبکہ جنوبی کوریا میں ہوائی اڈے بند ہو جانے کے باعث 60 ہزار سیاح پھنس گئے ہیں۔ تائیوان میں میڈیا کے مطابق ہفتے کے اختتام پر سردی میں غیر معمولی اضافے کے باعث یہ اموات واقع ہوئی ہیں۔ تائیوان اور جنوبی کوریا کے علاوہ ہانگ کانگ، جنوبی چین اور جاپان میں بھی سردی میں اضافہ ہوا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تائیوان میں ہلاک ہونے والے افراد میں زیادہ تر عمر رسیدہ افراد تھے۔ تائیوان کے شمالی علاقوں میں درجہ حرارت چار ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا جو غیر معمولی طور پر کم درجہ حرارت ہے۔