چیف منسٹر دہلی کجریوال کا اعلان، اندرون چار یوم انتظام کے احکام
نئی دہلی ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی حکومت نے آج شہریوں کو منجمد کردینے والی سردی کی لہر کے درمیان بے گھر افراد کیلئے آسرا فراہم کرنے کے سلسلہ وار اقدامات کا اعلان کیا اور رات کے وہ تمام شیلٹرس تبدیل کردینے کا فیصلہ کیا جو پلاسٹکس سے بنے خیموں کے ذریعہ قائم کئے گئے۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے ایس ڈی ایمز کو رات کے اوقات میں اپنے متعلقہ علاقوں میں معائنے کرنے اور رات کے آشیانوں کی مناسب دیکھ بھال کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی دی۔ ایس ڈی ایمز سے یہ بھی کہا گیا ہیکہ 4 جنوری کی صبح تک ایسے علاقوں کی فہرست تیار کریں جہاں رات کے شیلٹرس درکار ہیں۔ کجریوال نے آج یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’’ہمیں معلوم ہوا ہیکہ حکومت کی جانب سے چلائے جانے والے کئی نائٹ شیلٹرس ہیں جو پلاسٹک کے خیموں سے تیار کئے گئے ہیں لیکن وہ سردی کی لہر کو روک نہیں سکتے۔ 3 تا 4 دن کے وقت میں ایسے خیموں کو پورٹا کیبنس کے ساتھ بدل دینے کے احکام جاری کئے گئے ہیں‘‘۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ہمارے منسٹرس منیش سیسوڈیا اور راکی برلا اور عام آدمی پارٹی لیڈر سنجے سنگھ نے رات کے اوقات معائنوں کے دوران یہ پایا کہ کئی لوگ فلائی اوورس اور اس طرح کے دیگر مقامات کے آسرے میں سوتے ہیں اور وہ نائٹ شیلٹرس سے استفادہ کرنا نہیں چاہتے۔ اس لئے حکومت نے ایسے افراد کیلئے ان کے مقام پر پورٹا کیبن پر مبنی شیلٹر کی فراہمی کا فیصلہ کیا ہے۔
بحرالکاہل میں 6.6 شدت کا زلزلہ
واشنگٹن ۔ یکم ؍ جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی بحرالکاہل میں وانواطو کے ساحل کے پاس آج 6.6 کی شدت کا زلزلہ پیش آیا لیکن امریکی ماہرین ارضیات نے کہا کہ یہ زلزلہ اس قدر گہرائی میں ہوا کہ اس کے سبب سونامی نہیں آسکتی۔ چنانچہ سونامی وارننگ سنٹر نے انتباہ جاری نہیں کیا۔