حیدرآباد /17 مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ نے نیو اشوک نگر بستی میں منظم کردہ ’’سوچھ حیدرآباد‘‘ پروگرام میں حصہ لیا۔ اس موقع پر کمیونیٹی ہال میں منعقدہ اجلاس میں مقامی افراد کو درپیش مختلف مسائل سے چیف منسٹر نے واقفیت حاصل کی۔ مقامی افراد نے انھیں درپیش مسائل سے واقف کراتے ہوئے عاجلانہ یکسوئی کی خواہش کی اور کہا کہ نیو اشوک نگر اور اس کے آس پاس کے علاقہ میں کہیں بھی کوئی اسپتال نہیں ہے، جس کی وجہ سے عوام کو کافی مشکلات سے دوچار ہونا پڑ رہا ہے۔ علاوہ ازیں ترکاری مارکٹ نہ ہونے کی وجہ سے مقامی عوام کو کئی تکالیف کا سامنا ہے۔ اس موقع پر بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ڈاکرا خواتین کے مسائل کے تعلق سے دریافت کرکے مکمل واقفیت حاصل کی۔ چیف منسٹر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ (بستی) کو آئینہ کی طرح تیار کیا جائے گا اور جن افراد کے پاس مکانات نہیں ہیں (بے گھر افراد کو) انھیں ڈبل بیڈ روم کے مکانات تعمیر کرکے فراہم کئے جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سکندرآباد کے کسی ایک مقام پر طلبہ کو تعلیمی سہولت فراہم کرنے کے لئے ایک ڈگری کالج اور ایک جونیر کالج کا قیام عمل میں لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ اس موقع پر چیف منسٹر نے بیڑی ورکرس، معمرین وغیرہ کے لئے فی الفور وظائف منظور کرنے کی عہدہ داروں کو ضروری ہدایات دیں۔ چیف منسٹر نے اشوک نگر بستی کا دورہ ختم کرنے کے بعد راگھوا گارڈنس، سرینواس نگر کالونی اور دیگر مقامات کا بھی دورہ کیا اور ’’سوچھ حیدرآباد‘‘ پروگرام میں حصہ لیا۔