بے نظیر بھٹو قتل کیس : اہم گواہ منحرف

اسلام آباد ۔7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم پاکستان مرحومہ بے نظیر بھٹو قتل معامہ کا ایک اہم گواہ منحرف ہوگیا ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں اس کے ساتھ جرح کی گئی تھی جس کے بعد وہ اپنے سابقہ بیان سے یکسر مکر گیا۔ پریکاش وٹنس (احتیاطی گواہ) ایس ایس پی امتیاز جو بے نظیر بھٹو کے حفاظتی دستہ کے ایک اہم عہدیدار تھے، نے جج رائے محمد ایوب کے اجلاس پر اپنے سابقہ بیان سے انحراف کیا۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ قتل والے روز لیاقت باغ کے باہر بے نظیر بھٹو کے تحفظ کے اہم انتظامات کئے گئے تھے۔ تاہم اس کے باوجود بھی بم اور بندوق سے چلائی گئی گولی میں بے نظیر جاں بحق ہوگئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر کی سیکوریٹی کے لئے تمام پولیس ملازمین وہاں موجود تھے جبکہ قبل ازیں انہوں نے یہ بیان دیا تھا کہ بے نظیر کا قتل سیکوریٹی کے ناقص انتظامات کی وجہ سے ہوا۔ جہاں بے نظیر نے اپنی زندگی کی آخری تقریر کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اگر بے نظیر اپنی کار کی سن روف سے باہر نہ جھانکتیں تو شاید ان کاقتل نہیں ہوتا۔