بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تربیتی طیارہ گر کر تباہ

اسلام آباد۔ یکم نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر تربیتی طیارہ فنی خرابی کے باعث گرنے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے۔ ہفتہ کے روز سول ایوی ایشن کے مطابق فلائنگ کلب کا تربیتی طیارہ معمول کی پرواز پر تھا کہ لینڈنگ کے دوران گرکر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں پائلٹ حماد سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد فراہم کرنے کیلئے فوری طور پر اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ زخمیوں میں پائلٹ حماد کی ٹانگیں بری طرح متاثر ہوئیں۔ پائلٹ حماد نے بتایا کہ طیارہ لینڈنگ کے دوران فنی خراب کی وجہ سے گر کر تباہ ہوا۔ اس واقعہ میں ان کی کوئی غلطی نہیں ہے۔ واقعہ کے فوری بعد بے نظیر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو 15 منٹ کیلئے بند کر دیا گیا اور دو فائر بریگیڈس کو فوری طور پر طلب کر کے تباہ شدہ طیارے کو رن وے سے ہٹا دیا گیا جبکہ سول ایوی ایشن حکام نے بتایا کہ طیارہ گرین بیلٹ میں گر کر تباہ ہوا اس سے دوسرے طیاروں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔