بے قاعدگیوں سے جمع کردہ رقم کا جائزہ لینے جگن کا دورہ سوئزر لینڈ

وائی ایس آر کانگریس تروپتی دیواستھانم کے سونے کی منتقلی کو سیاست کرنے کوشاں ، راجندر پرساد
حیدرآباد /24 اپریل ( سیاست نیوز ) سیئیر قائد تلگودیشم پارٹی و رکن قانون ساز کونسل آندھراپردیش مسٹر راجندر پرساد نے صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی جگن موہن ریڈی کے دورہ سوئیزر لینڈ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ صرف اور صرف سوئس بینک میں اپنی بے قاعدگیوں کے ذریعہ لوٹ کھسوٹ کے ذریعہ جمع کردہ رقومات کا حساب کتاب دیکھ لینے کیلئے سوئزر لینڈ کے دورہ پر روانہ ہوئے ہیں ۔ آج وجئے واڑہ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے رکن آندھراپردیش قانون ساز کونسل نے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تروملا تروپتی دیواستھانم کے سونے کی منتقلی کے واقعہ پر سیاست کرنے کیلئے کوشاں ہے ۔ جبکہ ریاست تلنگانہ میں انٹرمیڈیٹ نتائج کی اجرائی میں دھاندلیوں و بے قاعدگیوں کے پیش آئے واقعات کی وجہ سے امتحانات میں ناکامی پر دلبرداشتہ طلباء و طالبات کے خودکشی واقعات پیش آنے کے باوجود وائی ایس آر کانگریس پارٹی خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ۔ اس کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا اور دریافت کیا کہ ریاست آندھراپردیش میں طلباء کے معمولی مسائل کو سیاسی رنگ دیتے ہوئے بیانات دینے والے قائدین اب کہاں ہیں ۔