بے روزگاری بحران کے لیے چیف منسٹر کے سی آر ذمہ دار

حضور نگر میں سی پی آئی ایم لیڈر ویرا بھدرم کی پدیاترا و جلسہ سے اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی نے اسمبلی حلقہ حضور نگر میں سی پی ایم سکریٹری ٹی ویرا بھدرم کی پدیاترا کا خیر مقدم کیا ۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بیروزگاری بحران کے لیے چیف منسٹر کے سی آر کو ذمہ دار قرار دیا ۔ ویرا بھدرم حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف مہاجنا پدیاترا کا اہتمام کررہے ہیں ۔ جیسے ہی وہ اسمبلی حلقہ حضور نگر پہونچے ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے ان کا والہانہ خیر مقدم کیا اور دونوں قائدین نے مشترکہ طور پر جلسہ عام سے خطاب کیا ۔ کیپٹن اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے بیروزگار نوجوانوں کو یکسر نظر انداز کردیا ۔ چیف منسٹر کے سی آر نے خود اعتراف کیا تھا ۔ ریاست میں 17,744 جائیدادیں مخلوعہ ہیں جس میں حکومت نے صرف 4295 جائیدادوں پر تقررات کیے ہیں صرف تقررات کرنے کے اعلانات کرتے ہوئے حکومت بیروزگار نوجوانوں کو گمراہ کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے 33 ماہی دور حکومت میں 4 فیصد مخلوعہ جائیدادوں پر بھی تقررات نہیں کئے گئے ۔ جب کہ کے سی آر نے انتخابات میں ہر گھرکو ایک ملازمت فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا ۔ ٹی آر ایس حکومت مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کرنے اور نئی جائیدادیں پیدا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے چیف منسٹر کو مخالف نوجوان قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایہ جات جاری نہ کرتے ہوئے کے سی آر 14 لاکھ طلبہ کی زندگیوں سے کھلواڑ کررہے ہیں ۔ چیف منسٹر نے گذشتہ سال ہی فیس ری ایمبرسمنٹ کے تمام بقایہ جات جاری کردینے کا اسمبلی میں وعدہ کیا تھا ۔ جس پر آج تک عمل آوری نہیں ہوئی ہے ۔ حکومت کی جانب سے فیس ری ایمبرسمنٹ کے بقایا جات جاری نہ کرنے کی وجہ سے کالج انتظامیہ کو ڈھائی لاکھ ایمپلائز کے تنخواہوں کی ادائیگی میں کئی مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ سکریٹری سی پی ایم ٹی ویرا بھدرم نے حکومت کے عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مہم چلانے پر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کیپٹن اتم کمار ریڈی کی ستائش کی ہے ۔۔