بے روزگاروں کی اکثریت سیاست دان بننے کی خواہاں

حیدرآباد۔5 اپریل (سیاست نیوز) ہندوستان میں اس وقت بے روزگاری ایک بڑا مسئلہ ہے لیکن اس سے بھی زیادہ حیران کن خبر یہ ہے کہ بے روزگاروں میں اکثریت سیاسی میدان میں اپنا کرئیر تلاش کررہی ہے۔ حالیہ ایک سروے میں یہ انکشافات بھی ہوئے ہیں کہ ملازمت کے متلاشیان میں 80 فیصد افراد سیاسی میدان میں اپنا کرئیر بنانے کے خواہاں ہیں۔ ملازمتوں کی تلاش کے میدان میں دنیا کی نمبر ایک ویب سائیٹ انڈیڈ کی جانب سے جو سروے کیا گیا ہے اس میں ملازمت کے حصول کے خواہاں افراد میں 80 فیصد افراد سیاست کو ہی اپنا کرئیر بنانے کے خواہاں ہیں۔ مذکورہ بالا سروے انڈیڈ کی جانب سے کیا گیا ہے جس میں 22 تا 36 سالہ افراد سے سیاسی میدان اور اس میں کریئر کے متعلق مختلف موضوعات پر استفسار کیا گیا اور یہ سروے خاص کر ان افراد میں کیا گیا جو کہ ملازمت کے متلاشی ہیں۔انڈیڈ ملازمت فراہم کرنے والی ایک ویب سائٹ ہے اور اسے دنیا کی نمبر ایک ویب سائٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جہاں 250 ملین افراد 28زبانوں میں 60 مختلف ممالک میں مختلف شعبوں میں ملازمتوں کے مواقع تلاش کرتے ہیں۔