کمسن کی چیخ پکار پر مقامی عوام کے ذریعہ پولیس کو اطلاع ، دستیاب لڑکی شیشو وہار منتقل
حیدرآباد /12 ستمبر ( سیاست نیوز ) ریاست میں لڑکیوں کی پیدائش پر مالی امداد اور لڑکیوں کے تحفظ اور پرورش کیلئے خصوصی اقدامات ایسا لگتا ہے کہ محض دعوے یا پھر ناکافی اقدامات ثابت ہو رہے ہیں ۔ چونکہ صنعت نگر میں پیش آئے ایک دلسوز واقعہ کے بعد شہریوں نے اس بات کا احساس کیا اور خود ان والدین بھی اپنی برہمی کا اظہار کیا ۔ جہاں ایک دو ماہ کی لڑکی کو صنعت نگر میٹرو اسٹیشن کے قریب چھوڑ دیا گیا ۔ اس دل دہلادینے والے منظر اور اس شیرخوار کی چیخ و پکار سن کر مقامی عوام نے پولیس کو اطلاع دی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق ایک خاتون دوپہر تقریباً ایک بجے میٹرو اسٹیشن صنعت نگر پہونچی اور اس نے اسٹیشن کی پہلی منزل پر لفٹ کے قریب مسافرین کی عدم موجودگی کو دیکھ کر اس شیرخوار کمسن لڑکی کو چھوڑ دیا اور بچی کو اسی حال میں چھوڑ کر سنگ دل خاتون وہاں سے چلی گئی ۔ پولیس کے مطابق اس بے رحم خاتون کی تمام نقل و حرکت میٹرو اسٹیشن کے سی سی کیمروں میں ریکارڈ ہوگئی ۔ خاتون کے جانے کے تھوڑی دیر بعد لڑکی نے رونا شروع کردیا اس کمسن کی چیخ و پکار کی آواز پر مسافرین نے میٹرو کے عملہ کو چوکس کیا ۔ میٹرو عملہ کی اطلاع پر انسپکٹر صنعت نگر اور سب انسپکٹر قادر پاشاہ میٹرو اسٹیشن پہونچ گئے اور اس شیر خوار لڑکی کو شیشو وہار عملہ کے حوالے کردیا ۔ پولیس صنعت نگر اس خاتون کی تلاش میں مصروف تحقیقات ہے ۔